نواز شریف کیس میں ڈیل کی خبریں افواہ ہیں، فواد چوہدری

نواز شریف کیس میں ڈیل کی خبریں افواہ ہیں، فواد چوہدری
کیپشن: image by facebook

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف کیس میں کوئی ڈیل نہیں کی گئی، ڈیل کی خبریں افواہ سے زیادہ کچھ نہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرِ اطلاعات نے نواز شریف کیس میں ڈیل کی خبروں کو مسترد کر دیا، ان کا کہنا تھا کہ ایسی خبریں افواہ ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان 10 ارب کیا 50 ارب ڈالر کے عوض بھی کوئی ڈیل نہیں کریں گے، ڈیل کی خبریں درست نہیں ہیں۔

وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کا یہ بھی کہنا تھا کہ سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار بہت جلد پاکستان میں ہوں گے، بہت سے دیگر لوگ بھی برطانیہ سے پاکستان کے حوالے کیے جائیں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہ داری (سی پیک) میں اور بھی بہت سے ممالک سرمایہ کاری کریں گے، سعودی عرب کی سرمایہ کاری سے پہلے چین کو اعتماد میں لیا گیا۔

خیال رہے کہ آج اسلام آباد ہائی کورٹ نے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی ضمانت پر رہائی کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا، فیصلے میں کہا گیا ہے نیب نے زیادہ سہارا پاناما فیصلے کا لیا، سزائیں زیادہ دیر تک قائم نہیں رہ سکتیں۔

دو ہفتے قبل وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ سعودی عرب پہلا ملک ہے جس کو سی پیک میں تیسرے اسٹریٹجک پارٹنر کے طور پر شامل کیا گیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ اب بڑی شراکت داری کی ابتدا ہوگئی۔