سعودی عرب سے ادھار تیل لینے پر کوئی بات نہیں ہوئی، غلام سرور خان

 سعودی عرب سے ادھار تیل لینے پر کوئی بات نہیں ہوئی، غلام سرور خان

اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب سے ادھار تیل لینے پر کوئی بات نہیں کی، اس حوالے سے چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔


تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرِ پیٹرولیم غلام سرور خان نے بتایا کہ سعودی وفد سے تیل و گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری پر مثبت بات ہوئی ہے،  سعودی عرب نے پہلی دفعہ پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لیتی نظر آرہی ہے، تاہم ہ پاکستان نے سعودی عرب سے ادھار تیل لینے پر کوئی بات نہیں کی، اس حوالے سے چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ  سعودی عرب نے گوادر میں آئل ریفائنری کے قیام کے لیے حامی بھرلی ہے، آئل ریفائنری کے قیام کے لیے شرائط و ضوابط طے ہونا باقی ہیں، سعودی وزیر خزانہ کی پاکستان آمد پر آئل ریفائنری کے قیام کے معاہدہ پر دستخط ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی حکام کو بتایا ہے کہ پاکستان خام تیل کی درآمد بڑھانا چاہتا ہے، جب کہ سعودی عرب کو پاکستان میں گیس کے دس نئے ذخائر کی تلاش کی بولی میں حصہ لینے کی بھی دعوت دی گئی ہے۔