عدالت کا عمران خان کے خلاف اخبار میں اشتہار دینے کا حکم

 عدالت کا عمران خان کے خلاف اخبار میں اشتہار دینے کا حکم

پشاور: پشاور کی مقامی عدالت نے ہرجانہ کیس میں جواب جمع نہ کرانے پر وزیراعظم عمران خان کے خلاف اخباری اشتہار کا نوٹس جاری کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق سیشن جج کی جانب سے حکم دیا گیا ہے کہ اشتہار قومی سطح کے اخبار میں شائع کیا جائے۔عمران خان پر الزا م ہے کہ بطور پارٹی چیئرمین انہوں نے اپنی ہی رکن اسمبلی فوزیہ بی بی پر سینیٹ کا ووٹ بیچنے کا الزام لگایا مگر اس کے کوئی ثبوت فراہم نہیں کیے۔فوزیہ بی بی نے اس االزام کے خلاف 50 کروڑ روپے کے ہرجانے کا دعوی دائر کیا لیکن تین سماعتیں ہونے کے باوجود نہ تو عمران خان کے وکیل پیش ہوئے اور نہ ہی جواب جمع کرایا گیا۔اس پر عدالت نے اخبار میں اشتہار شائع کرانے کا حکم دے دیا، اشتہار کی عبارت میں وزیر اعظم کو 15 روز میں جواب جمع کرانے کا کہا گیا ہے۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 20 اپریل 2018 کو اپنی ہی پارٹی کے 20 اراکین پر سینیٹ میں ووٹ بیچنے کا الزام لگایا گیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہارس ٹریڈنگ کے نتیجے میں پاکستان پیپلزپارٹی نے خیبرپختونخوا میں سینیٹ کی دونشستوں پر کامیابی حاصل کی، انہوں نے الزام لگایا تھا کہ سینیٹ الیکشن کے لیے فی ووٹ چار چار کروڑ روپے تک کی رقم دی گئی-