کرکٹ ورلڈ کپ ٹرافی لاہور پہنچ گئی، کل واہگہ بارڈ پر رونمائی کی جائے گی

کرکٹ ورلڈ کپ ٹرافی لاہور پہنچ گئی، کل واہگہ بارڈ پر رونمائی کی جائے گی
کیپشن: فوٹو فائل

لاہور:کرکٹ ورلڈ کپ ٹرافی پاکستان پہنچا دی گئی اور کل واہگہ بارڈر پر اس کی رونمائی بھی کی جائے گی۔ لاہورسے یہ اسلام آباد اور پھر کراچی سفر کرے گی، پاکستان میں اس کا قیام کل دس دن ہوگا۔ کرکٹ ورلڈ کپ ٹرافی ٹور 27 اگست سے دبئی سے شروع ہوا اور ٹرافی 5 براعظموں کے 21 ممالک کے 60 شہروں کا سفر کرے گی۔

کل صبح یہ ٹرافی گورنمنٹ کالج یونی ورسٹی کا رخ کرے گی جبکہ اس کے بعد اس کی آفیشل تصویر کے لیے اسے واہگہ بارڈر لے جایا جائے گا۔ شام میں ٹرافی شوکت خانم اسپتال لےجائی جائے گی جس کے بعد اس ٹرافی کا لاہور میں سفر ختم ہوجائے گا۔

لاہور سے یہ ٹرافی ، آئی سی سی کے نمائندے کے ہمراہ اسلام آباد کا رخ کرے گی جس کے بعد اسے کراچی لایا جائے گا۔ کراچی کے بعد یہ ٹرافی آگے اپنے سفر پر روانہ ہوجائے گی۔

یہ ٹرافی پاکستان میں دس دن قیام کرے گی ۔ تین سے پانچ اکتوبر کو اس کا قیام لاہور میں ہوگا جس کے بعد 6 سے آٹھ اکتوبر تک یہ اسلام آباد میں رہے گی ۔ 9 سے تیرہ اکتوبر تک یہ ٹرافی کراچی میں قیام کرے گی۔ یاد رہے کہ اس کا سفر رواں سال 27 اگست کو دبئی میں قائم آئی سی سی کے ہیڈ کوارٹر سے شروع ہوا تھا۔

یاد رہے کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ اگلے برس 30 مئی سے 14 جولائی تک انگلینڈ میں کھیلا جائے گا۔