انعم کی تباہ کن باؤلنگ، بنگلہ دیشی ٹیم صرف 30رنز پر ڈھیر

انعم کی تباہ کن باؤلنگ، بنگلہ دیشی ٹیم صرف 30رنز پر ڈھیر
کیپشن: image by facebook

اسلام آباد :امین کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت پاکستان ویمن نے بنگلہ دیش ویمن ٹیم کو صرف 30رنز پر ٹھکانے لگا کر دوسرے ٹی20میچ میں 58رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔

پہلا میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد دوسرا ٹی20 بھی بارش کی وجہ سے تاخیر سے شروع ہوا اور میچ کو 14اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا۔

بنگلہ دیش نے موسم اور وکٹ کی نمی کا فائدہ اٹھانے کے لیے پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدائی طور پر کسی حد تک درست ثابت ہوا۔

پاکستانی وومن ٹیم مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 88رنز بنا سکی، کپتان جویریہ خان 25 اور ناہیدہ خان 18رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہیں۔

ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی بیٹنگ لائن تتر بتر نظر آئی اور کسی بھی بلے باز کے پاس پاکستانی باؤلرز خصوصاً انعم امین کی تباہ کن باؤلنگ کا کوئی جواب نہیں تھا۔

بنگلہ دیش کی پوری ٹیم صرف 30رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی جو وومن انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں ٹی20 کا چوتھا کم ترین اسکور ہے۔

ٹی20 کرکٹ میں کم ترین اسکور پر آؤٹ ہونے کا بدترین ریکارڈ موزمبیق کی ٹیم کے پاس ہے جو رواں سال نمیبیا کے خلاف 25رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔

بنگلہ دیشی ٹیم کی بدترین کارکردگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ان کی کوئی بھی بلے باز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکی اور رومانہ احمد 9رنز بنا کر سب سے نمایاں بلے باز رہیں۔

پاکستان کی جانب سے مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کرنے والی انعم امین نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے تین اوورز میں تین میڈان کرائے اور بغیر کوئی رن دیے تین وکٹیں حاصل کیں۔