پاک بھارت کرکٹ معاہدہ کیس کی سماعت مکمل، فیصلہ محفوظ

پاک بھارت کرکٹ معاہدہ کیس کی سماعت مکمل، فیصلہ محفوظ
کیپشن: فوٹو سوشل میڈیا

دبئی: پاکستان اور بھارت کے کرکٹ بورڈز کے درمیان سیریز کے تنازع کے حوالے سے ہونے والی آئی سی سی کی تین روزہ سماعت مکمل ہو گئی۔پاکستان کی جانب سے معاہدے کے باوجود دو طرفہ سیریز نہ کھیلنے پر بھارتی کرکٹ بورڈ کے خلاف ہرجانے کا دعوی کیا گیا تھاجس پر  جس پر آئی سی سی نے مائیکل بیلوف کی سربراہی میں تین رکنی ڈسپیوٹ ریزولیشن کمیٹی قائم کی گئی تھی جس نے دبئی ہیڈ کوارٹر میں کیس کی سماعت کی۔

پیر کے روز شروع ہونے والی سماعت کے پہلے روز سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی کی جانب سے دلائل دیے گئے تھے۔دوسرے روز بھارتی کرکٹ بورڈ کی طرف سے رتناکر شیٹھی اور بی سی سی آئی کے سابق سیکریٹری سنجے پٹیل نے مؤقف پیش کیا۔سماعت کے آخری روز بھارتی کرکٹ بورڈ کے سابق سی ای او سندر رامن نے اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔حکومت کی اجازت نہ ملنے کے بہانے کو ثابت کرنے کے لیے بھارتی بورڈ کی طرف سے سابق وزیر خارجہ سلمان نے بھی اپنا موقف پیش کیا۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی کے مائیکل بیلوف کی سربراہی میں ہونے والی سماعت نے پاکستانی اور بھارتی بورڈ حکام کے بیانات ریکارڈ کر لیے ہیں، ممکنہ طور پر کیس کا فیصلہ آنے میں وقت لگ سکتا ہے۔