نیشنل ٹی ٹونٹی کپ : خیبرپختونخوا نے بلوچستان کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی

نیشنل ٹی ٹونٹی کپ : خیبرپختونخوا نے بلوچستان کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی
کیپشن: تصویر :پی سی بی ٹوئٹر

ملتان:کرکٹ سٹیڈیم میں جاری نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے پانچویں میچ میں خیبرپختونخوا نے  بلوچستان کو 8 وکٹوں سے باآسانی شکست دیدی۔ خیبرپختونخوا نے 153 رنز کا ہدف 16.5 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

خیبرپختونخوا کے اوپنرز محمد رضوان اور فخر زمان نے کریز سنبھالتے  ہی جارحانہ بیٹنگ کا آغاز کیاتاہم بائیں ہاتھ کے اوپنر5 چوکوں کی مدد سے 25 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، جس کے بعدمحمد رضوان نے تجربہ کار بیٹسمین محمد حفیظ کے ساتھ مل کر رنز بنانے کی رفتار مزید تیز کردی۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 66 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ ایک سو اسی کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنانے والے محمد حفیظ میچ میں نصف سنچری بنانے میں ناکام رہے۔ وہ   25 گیندوں پر 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت  45 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔کپتان محمد رضوان نے 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 56رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

افتخار احمد 16 گیندوں پر 30 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔بلوچستان کے عماد بٹ اور عاکف جاوید نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل بلوچستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو مڈل آرڈر بیٹسمین عمران  بٹ کے علاوہ ان کا کوئی بھی بیٹسمین شاہین شاہ آفریدی کی تیزرفتار باؤلنگ کے سامنے زیادہ دیر کریز پر  نہ ٹھہر سکا اور وقفے وقفے سے آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹتے رہے۔  شاہین شاہ آفریدی نے 20 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔

بلوچستان کی ٹیم مقررہ بیس اوورز  میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز ہی بناسکی۔ عمران  بٹ 37 رنز بناکر سب سے نمایاں بیٹسمین رہے۔مین آف دی میچ کا ایوارڈ جیتنے والے خیبرپختونخوا کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ وہ ٹی ٹونٹی میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے پر خوش ہیں۔ نوجوان فاسٹ باؤلر نے کہا انہوں نے بلوچستان کے خلاف میچ میں نپی تلی باؤلنگ کرنے  کی کوشش کی، جس کا صلہ مین  آف دی میچ کی صورت میں ملا۔ وہ پرامید ہیں خیبرپختونخوا کی ٹیم ایونٹ جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔