یکم ربیع الاول سے روضہ رسول ﷺ کو زائرین کیلئے کھولنے کا اعلان

یکم ربیع الاول سے روضہ رسول ﷺ کو زائرین کیلئے کھولنے کا اعلان
کیپشن: روضہ اطہر ﷺ کی زیارت کے لیے ’اعتمرنا‘ ایپ کے ذریعے اجازت لینا ہو گی، انتظامیہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

ریاض: سعودی حکومت نے روضہ رسول ﷺ کو یکم ربیع الاول سے زائرین کے لیے کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔ انتظامیہ حرمین شریفین کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 2 ہفتوں بعد یکم ربیع الاول کو زائرین مسجد نبوی ﷺ میں نماز ادا کرنے کے ساتھ روضہ رسول ﷺ پر درود سلام بھی پیش کر سکیں گے۔

انتظامیہ کے مطابق مسجد نبوی ﷺ میں نماز کی ادائیگی اور روضہ اطہر ﷺ کی زیارت کے لیے ’اعتمرنا‘ ایپ کے ذریعے اجازت لینا ہو گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ زائرین حفاظتی تدابیر سمیت سماجی فاصلے اور ہدایات پر عمل کے پابندہوں گے  اور روضہ اطہرﷺ میں گنجائش کے مطابق 75 فیصدلوگوں کو داخلےکی اجازت ہو گی۔

352ca617e21173a8806886b653917e50

خیال رہے کہ جانب سعودی عرب میں کورونا وائرس کے باعث 7 ہفتوں بعد کل سے عمرہ کی ادائیگی کا بھی آغاز ہو رہا ہے۔حرم شریف میں داخلے اور عمرہ کی ادائیگی کے لیے بھی ’اعتمرنا‘ ایپ کے ذریعے اجازت لینا ہو گی۔

حکام نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں صرف عمرہ کا اجازت نامہ جاری کیا جا رہا ہے اور 4 اکتوبر کو پہلے مرحلے میں سعودی عرب کے شہری اور وہاں مقیم غیر ملکیوں میں سے 6 ہزار افراد عمرہ ادا کریں گے جب کہ یکم نومبر سے محکمہ صحت کی منظوری سے مخصوص ممالک کے شہری بھی عمرہ ادا کر سکیں گے۔

واضح رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے مارچ میں  مسجد نبوی ﷺ کو عام نمازیوں کے لیے بند کر دیا گیا تھا تاہم 2 ماہ بعد مئی میں محدود تعداد میں سخت پابندیوں کے بعد عام شہریوں کو داخلے کی اجازت دی گئی تھی تاہم روضہ اطہر ﷺ کی زیارت پر پابندی برقرار تھی جو کہ اب 2 ہفتوں بعد ہٹنے جا رہی ہے۔