مریم نواز گزشتہ 15 روز میں بھارتی افراد سے مل چکی ہیں، شہباز گل کا دعویٰ

مریم نواز گزشتہ 15 روز میں بھارتی افراد سے مل چکی ہیں، شہباز گل کا دعویٰ
کیپشن: نواز شریف اور ان کے بیٹے کی لندن میں بھارت سے آئے 3 لوگوں کے ساتھ میٹنگ ہوئی ہے، شہباز گِل۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے دعویٰ کیا ہے کہ مریم نواز گزرے 15 روز میں بھارتی افراد سے مل چکی ہیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم اور لیگی قائد کے بیٹے کی لندن میں بھارت سے آئے 3 لوگوں کے ساتھ میٹنگ ہوئی ہے اور مریم نواز بھی گزرے 15 روز میں بھارتی افراد سے مل چکی ہیں۔ سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد سے الفاظ بھارتی اسٹیبلشمنٹ کہلوا رہی ہے اور وقت آنے پر ساری تفصیلات بتائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف مجرم ہیں ان کے عام شہری کی طرح حقوق نہیں کیونکہ کریمنل کو جمہوری کہنا بھی جرم ہے۔ اس طرح کے لوگ اپنے آپ کو جمہوری کہتے ہیں تاہم ان کو کوئی غدارنہیں کہہ رہا خود متحدہ بانی کی طرح تقریریں کر رہے ہیں۔

شہباز گل کا کہنا تھا کہ ہر طرف سے جواب ملنے پر نواز شریف کو انقلابی ہونے کا شوق پیدا ہوا اور رانا ثنااللہ شہبازشریف گروپ کے آدمی ہیں کیونکہ وہ بڑے میاں کے بیانیے کا وزن نہیں اٹھا سکتے۔ چودھری نثار معتبر سیاست دان ہیں اور وہ آگے بڑھ کر محب وطن ورکرز کو اکٹھا کریں اور چاہتے ہیں جمہوری اپوزیشن ہو۔

شہباز گل سے سوال کیا گیا کہ کیا وفاقی حکومت نے چودھری نثار سے رابطے کیا جس پر معاون خصوصی سوال کا جواب گول کر گئے اور کہا کہ یہ کہانی پھر کبھی بتائیں اور اہم راز سے پردہ اٹھائیں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ احتساب، کرپشن کیسزسمیت کسی سے کوئی بات نہیں ہو گی اور راجہ ظفرالحق محب وطن پاکستانی ہیں اگر کوئی قانون سازی سمیت بات کرنا ہو گی تو کریں گے۔ غداروں سے کیا بات کریں جنہوں نے ملک لوٹا۔

شہباز گل کا کہنا تھا کہ نوازشریف کرپٹ ہے اس لیے فوج کے ساتھ مسئلہ ہے، وزیراعظم عمران خان کو تو فوج کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں۔ سابق وزیراعظم ضیاالحق کے بغل بچے تھے اور امیرالمومنین بننا چاہتے تھے۔