ہمیں پہلے ہی سے علم تھا کہ شرجیل خان میچ فکس کرے گا ،نجم سیٹھی

ہمیں پہلے ہی سے علم تھا کہ شرجیل خان میچ فکس کرے گا ،نجم سیٹھی

اسلام آباد:پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ہمیں شرجیل خان کے بارے میں پہلے سے پتا تھا کہ یہ میچ فکسنگ میں ملوث ہے لیکن ہم موقع کی تلاش اور اس کو رنگے ہاتھوں پکڑنا چاہتے تھے ،عمر اکمل باصلاحیت کھلاڑی لیکن اس کا ڈسپلن اور غیر سنجیدہ رویے کا مستقل مسئلہ ہے ،خالد لطیف کی بھی جلد باری آئے گی ،پی سی بی کے رولز پر کسی بھی کھلاڑی سے کوئی رعایت نہیں برتیں گے ۔

 پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا  شرجیل خان کو 5 سال سزا کے حوالے سے کہنا تھا  کہ ہمیں پہلے سے علم تھا کہ شرجیل ایسا کرنے جائے گا لیکن ہم کسی پر اس طرح الزام نہیں لگا سکتے تھے لہٰذا ہم نے فیصلہ کیا کہ اسے میچ فکس کرنے دیں اور ہم مکمل ثبوت کے ساتھ اسے پکڑ کر سبق سکھائیں گے، شرجیل کو سخت سزا دینے کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ کرپشن کسی بھی صورت برداشت نہیں، اس کیس میں پاکستانی میڈیا کا رویہ ذمہ دارانہ نہیں تھا ۔

عمر اکمل کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ہم سب مانتے ہیں کہ عمر اکمل انتہائی باصلاحیت کرکٹر ہے لیکن ساتھ ساتھ اس کا ڈسپلن کا بہت مستقل مسئلہ ہے ، ہر تیسرے چوتھے مہینے اس کا کوئی نہ کوئی سکینڈل سامنے آ جاتا ہے ،ہم نے عمر اکمل کے بارے میں بڑی طاقتور کمیٹی تشکیل دی ہے جو  اس کے بارے میں اصل حقائق سامنے لائے گی ،کیا وجہ ہے کہ صرف عمر اکمل کے ساتھ ہی مس انڈر سٹیڈنگ ہوتی ہے ؟ باقی کسی کے ساتھ نہیں ،مکی آرتھر بڑا معقول آدمی ہے ،وہ آپ کے لئے ورلڈ کپ کی ٹیم بنا رہا ہے ۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور ٹیم مینجمنٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ ڈسپلن کی خلاف ورزی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائےگا کیونکہ اس سے ٹیم پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں،جو بندہ ہمارے رولز کی خلاف ورزی کرے گا اسے سخت سزا ملے گی،خالد لطیف کے بارے میں بھی وقت آ جائے گا ،جو الزام ہم نے لگائے ہیں انہیں ثابت بھی کریں گے ۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔