شمالی کوریا کے بڑے ایٹمی تجربے سے6.3 کا زلزلہ

شمالی کوریا کے بڑے ایٹمی تجربے سے6.3 کا زلزلہ

سیول : پابندیوں کے باوجود شمالی کوریا کی طرف سے یکے بعد دیگرے میزائل تجربات کی وجہ سے خطے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے اور ایک مرتبہ پھر شمالی کوریا نے ہائیڈروجن بم بنانے کے اعلان کے گھنٹوں بعد ہی چھٹے نیوکلیئربم کا تجربہ کیا جس کی وجہ سے زمین لرز اٹھی اور زلزلے کی شدت 6.3ریکارڈ کی گئی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق جنوبی کوریائی فوج کو یقین ہے کہ زلزلے کی وجہ شمالی کوریا کا نیوکلیئرمیزائل تجربہ ہوسکتاہے، چند گھنٹے قبل ہی شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے ہائیڈروجن بم تیار کرلینے کااعلان کیا تھا ، امریکی جیولاجیکل سروے کے مطابق شمالی کوریا می ںآنیوالے زلزلے کی شدت 6.3ریکارڈ کی گئی اور ا س کا مرکز ممکنہ طورپر دس کلومیٹرزیرزمین تھا۔رائیٹرز کے مطابق ابتدائی طورپر زلزلے کے نتیجے میں کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم ممکنہ تجربے پر ابتدائی طورپر امریکی موقف سامنے نہیں آسکا۔

ابتدائی طورپر اس زلزلے پر شمالی کوریا کا موقف بھی معلوم نہیں ہوسکا تاہم شمالی کوریا کے ممکنہ میزائل تجربے کی مذمت کرتے ہوئے جاپانی وزیراعظم شنزوابے نے کہاکہ ’ شمالی کوریا کی طرف سے نیوکلیئرمیزائل کا تجربہ بالکل بھی قبول نہیں ‘۔