سعودی عرب نے رواں سال کے لیے عمرہ ویزوں کا اجراء شروع کر دیا

سعودی عرب نے رواں سال کے لیے عمرہ ویزوں کا اجراء شروع کر دیا
کیپشن: فوٹو اے پی پی

مکہ مکرمہ:  سعودی وزارت حج و عمرہ نے امسال عمرہ موسم صفر کے بجائے یکم محرم 1440ھ سے شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق عمرہ ویزوں کے اجراءکی کارروائی شروع کردی گئی۔ وزارت حج وعمرہ نے یہ اطلاع دیتے ہوئے واضح کیا کہ سعودی وژن 2030 کے تحت طے کیا گیا تھا کہ سالانہ 30ملین معتمر ارض مقدس آیا کریں گے۔ اس مقصد کی تکمیل کیلئے معتمرین کو جملہ سہولتیں فراہم کرنے کا بندوبست کیا جائیگا۔ سعودی وزارت کا کہنا ہے کہ وزارت خارجہ کے تعاون و اشتراک سے عمرہ ویزوں کا اجراءشروع کردیا گیا ہے۔

وزارت حج نے یہ اطلاع دیتے ہوئے واضح کیا کہ اس نے وزارت خارجہ کے تعاون و اشتراک سے عمرہ ویزوں کا اجراءشروع کردیا ہے۔ وژن 2030 کے مطابق خارجی معتمرین کی تعداد 2022 تک 15ملین اور 2030تک 30ملین تک پہنچ جائیگی جبکہ 2030 میں حجاج کی تعداد 4.5 ملین تک بڑھا دی جائیگی۔ 1439ھ کے دوران بیرون ملک سے 70لاکھ سے زیادہ معتمرین ارض مقدس آئے۔ نائب وزیر حج و عمرہ عبدالفتاح مشاط نے بتایا کہ حج و عمرہ کارروائی کا بنیادی ڈھانچہ او رمعتمرین کو پیش کی جانے والی خدمات کا سلسلہ ازسر نو مرتب کیا گیا ہے۔ اس بات کا اہتمام کیا جارہا ہے کہ نہ صرف عمرہ خدمات پیش کی جائیں بلکہ خدمات کی تیاری بھی کی جائے۔

مشاط نے بتایا کہ ہوائی اڈوں پر معتمرین کی کارروائی 30سے 40منٹ کے بجائے چند لمحوں میں مکمل کرلی جائیگی۔ اس حوالے سے مطلوبہ اقدامات کرلئے گئے ہیں۔ اس کا وعدہ سعودی وژن 2030میں کیا گیا تھا۔ گزشتہ برس حجاج کی امیگریشن اور کسٹم کی کارروائی محدود پیمانے پر ان کے ملک ہی میں انجام دینے کاتجربہ کیا گیا تھا۔ امسال اسکا دائرہ وسیع کردیا گیا۔