کراچی، وردی درست نہ پہننے پر ایس ایچ او احاطہ عدالت سے گرفتار

کراچی، وردی درست نہ پہننے پر ایس ایچ او احاطہ عدالت سے گرفتار
کیپشن: عدالت میں موجود کورٹ پولیس کے عملے نے انہیں حراست میں لے لیا۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

کراچی: سندھ ہائیکورٹ میں لاپتہ افراد کے کیس میں پیش ہونے والے ایس ایچ او میٹھادر کو جج جسٹس صلاح الدین نے غیر تسلی بخش جوابات دینے اور درست وردی نہ پہننے کے الزام میں کمرہ عدالت سے گرفتار کرا دیا۔

ایس ایچ او میٹھا در نذیر حسین اعوان پیر کی صبح دیگر پولیس افسران کی طرح سندھ ہائی کورٹ میں جسٹس صلاح الدین کی عدالت میں پیش ہوئے۔

ایس ایچ او کے خلاف ایک شہری کو غیر قانونی طور پر حراست میں لینے اور اسے تھانے میں حبس بے جا میں رکھنے کا الزام ہے۔

اس موقع پر نذیر حسین اعوان عدالت کے سامنے پیش ہوئے تو ان کی وردی درست نہیں تھی۔ انہوں نے وردی کے اوپر نیلے رنگ کی جیکٹ پہنی ہوئی تھی جس پر جسٹس صلاح الدین سخت برہم ہوئے۔

ایس ایچ او میٹھا در نذیر حسین اعوان عدالت کے روبرو تسلی بخش جوابات بھی نہیں دے سکا جس پر عدالت نے اسے گرفتار کرنے کا حکم دیا۔ اس موقع پر عدالت میں موجود کورٹ پولیس کے عملے نے انہیں حراست میں لے لیا۔

کمرہ عدالت کے باہر حراست کے دوران بینچ پر بیٹھے ہوئے بھی ایس ایچ او میٹھا در نذیر حسین اعوان نے وردی کے اوپر نیلی جیکٹ پہن رکھی تھی۔