جہانگیر ترین کو موصول 19 کروڑ کا ٹیکس نوٹس معطل

جہانگیر ترین کو موصول 19 کروڑ کا ٹیکس نوٹس معطل
کیپشن: گزشتہ دورِ حکومت میں جے ڈبلیو ڈی مل کو 19 کروڑ 91 لاکھ 7 ہزار روپے کے ٹیکس نوٹسز بھجوائے گئے تھے۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کو 19 کروڑ 91 لاکھ روپے کا بھجوایا گیا ٹیکس ریکوری نوٹس معطل کرتے ہوئے کمشنر ان لینڈ ریونیو کو حکم دیا کہ جہانگیر ترین کی اپیل پر 30 روز میں فیصلہ کیا جائے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے جہانگیر ترین کی درخواست پر سماعت کی ۔ درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ گزشتہ دورِحکومت میں جے ڈبلیو ڈی مل کو 19 کروڑ 91 لاکھ 7 ہزار روپے کے ٹیکس نوٹسز بھجوائے گئے۔

ان نوٹسز کے خلاف اپیلیں کمشنر ان لینڈ ریونیو کے پاس زیر سماعت ہیں۔

کمشنر ان لینڈ ریونیو ان کے حق میں حکم امتناعی بھی جاری کر چکے ہیں لیکن حکم امتناعی کے باوجود انہیں ٹیکس نوٹسز بھجوا دیئے گئے۔ استدعا ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے بھجوائے گئے نوٹسز کالعدم قرار دیئے جائیں۔

عدالت نے ٹیکس نوٹسز معطل کرتے ہوئے کمشنر ان لینڈ ریونیو کو 30 روز میں فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔