پنجاب حکومت کا سپاہی مقبول حسین کی زندگی پر ڈرامہ بنانیکا اعلان

پنجاب حکومت کا سپاہی مقبول حسین کی زندگی پر ڈرامہ بنانیکا اعلان
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور:وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحس چوہان نے 1965 کی جنگ میں زخمی ہونے کے بعد 40 سال تک بھارت کی قید میں رہنے والے غازی سپاہی مقبول حسین کی زندگی پر ڈرامہ بنایا جائے گا۔

یہ اعلان وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کیا ہے۔خیال رہے کہ قومی ہیرو سپاہی مقبول حسین 28 اگست کی شب اٹک کے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) میں انتقال کرگئے تھے۔وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ قومی ہیرو کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ان کی زندگی پر ڈرامہ بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ڈرامہ اگلے ہفتے الحمرا ہال میں پیش کیا جائے گا جس کی ذمہ داری معروف اداکار توقیر ناصر کو دی گئی ہے۔صوبائی وزیر کے مطابق کوشش کریں گے کہ سپاہی مقبول حسین پر فلم بھی بنے کیونکہ نوجوان نسل کو اپنے قومی ہیروز کے بارے میں آگاہی دینا ضروری ہے۔

پاک فوج کی آزاد کشمیر رجمنٹ سے تعلق رکھنے والے مقبول حسین 1965 کی جنگ کے دوران زخمی ہوئے تھے اور اس دوران بھارتی فوج نے انھیں قیدی بنالیا تھا۔مقبول حسین نے بھارتی جیلوں میں 40 برس گزارے اور انھیں 2005 میں رہا کیا گیا تھا۔

بھارتی جیلوں میں چار دہائیاں گزارنے کے بعد ستمبر 2005 میں وہ واہگہ بارڈر سے وطن واپس پہنچے تھے جس کے بعد انھوں نے قید کے دوران پیش آنے والے واقعات بیان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان پر مظالم ڈھائے جاتے تھے اور زبان بھی کاٹ دی گئی تھی۔انہیں ستارہ جرات سے بھی نوازا گیا تھا۔