دنیائے کرکٹ کا مایہ ناز کھلاڑی پی ایس ایل کا حصہ بننے کیلئے تیار

دنیائے کرکٹ کا مایہ ناز کھلاڑی پی ایس ایل کا حصہ بننے کیلئے تیار
کیپشن: فوٹو: فائل

لاہور : جنوبی افریقا کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز اے بی ڈویلیئر بھی پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا حصہ ہوں گے۔ہر گزرتے برس کے بعد پاکستان سپر لیگ کی مقبولیت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور دنیائے کرکٹ کے بڑے بڑے ستارے اس کہکشاں میں شامل ہوتے جا رہے ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ کرکٹ کی دنیا میں اپنی جارحانہ بیٹنگ سے بالرز کے چھکے چھڑانے والے دنیا کے بڑے کھلاڑی اے بی ڈویلیئرز بھی پی ایس ایل کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔

گزشتہ کئی روز سے سوشل میڈیا پر اس قسم کی خبریں زیر گردش ہیں کہ جنوبی افریقا کے سابق کپتان اے بی ڈویلیئرز پی ایس ایل فور کھیلیں گے۔پی ایس ایل کے آفیشل ٹوئٹر اکا?نٹ پر بھی اس حوالے سے اشارہ دیا گیا تھا اور کرکٹ سے دلچسپی رکھنے والے صارفین کی بڑی تعداد نے یہی اندازہ لگایا تھا کہ اے بی ڈویلیئرز پی ایس ایل کے معاہدے پر دستخط کرنے جا رہے ہیں،متعدد ذرائع نے بھی اے بی ڈویلیئرز کے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا حصہ بننے کی تصدیق کر دی ہے۔
پی ایس ایل سے جڑے ایک ذرائع نے میڈیاکو بتایا ہے کہ اے بی ڈویلیئرز پی ایس ایل کے لیے آ رہے ہیں، وہ تقریباً 3 ہفتوں کےلئے دستیاب ہوں گے جس کا مطلب یہ کہ 34سالہ سٹار بلے باز ایونٹ میں 7 میچز کھیلیں گے۔ 34 سالہ بیٹسمین آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی جاری رکھیں گے۔ انہیں دسمبر میں شیڈول امارات پریمیئر لیگ کا سفیر بھی مقرر کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اے بی ڈویلیئرز نے تمام طرز کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے دنیا ئے کرکٹ کو حیران کر دیا تھا۔ اے بی ڈی ویلیئرز کے پاس ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین سنچری بنانےکا اعزاز ہے اور یہ کارنامہ انہوں نے جوہانسبرگ میں ویسٹ انڈیز کےخلاف جنوری 2015 ءمیں انجام دیا۔