ایشیا بیس بال کپ: بھارتی ٹیم نے دورہ پاکستان کی حامی بھر لی

ایشیا بیس بال کپ: بھارتی ٹیم نے دورہ پاکستان کی حامی بھر لی
کیپشن: فوٹو: فائل

لاہور : بھارت نے آئندہ برس فروری میں اسلام آباد میں شیڈول ویسٹ ایشیا بیس بال کپ میں شرکت کرنے کی حامی بھرلی، انڈین کھلاڑی اگلے سال منعقد ہونےوالی پاکستان بیس بال لیگ کے دوران بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ایشیائی ایونٹ میں بلو شرٹس کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان بیس بال فیڈریشن کی طرف سے وزیر برائے بین الصوبائی امور کھیل فہمیدہ مرزا کو بھی خط لکھ دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان سالہاسال سے نفرتوں اور کدورتوں کی جمی گرد بھی ہٹتی نظر آرہی ہے اور پہلے مرحلے میں بھارتی بیس بال فیڈریشن نے ویسٹ ایشیا کپ میں اپنی ٹیم پاکستان بھجوانے کی حامی بھری ہے، ذرائع کے مطابق حال ہی میں پاکستان اور بھارت بیس بال فیڈریشن کے اعلی حکام کے درمیان ون ٹو ون ملاقات ہوئی جس میں نہ صرف کھیل کے ذریعے دونوں ملک میں پیارمحبت کی فضا پیدا کرنے پر اتفاق ہوا ہے بلکہ بھارتی بیس بال فیڈریشن کے سیکریٹری ڈاکٹر سدھیر نے آئندہ برس فروری میں پاکستان میں ہونےوالے ایشیا کپ میں شرکت کی بھی رضا مندی ظاہر کی ہے۔

یاد رہے کہ ویسٹ ایشیا کپ آئندہ برس فروری میں اسلام آباد میں کھیلا جائےگا جس میں پاکستان سمیت بھارت، سری لنکا، نیپال، ایران کی ٹیمیں بھی شریک ہوں گی۔