پاک بحریہ ہیلی کاپٹر حادثہ،فوج کی قائم کردہ اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی نے کام شروع کر دیا

پاک بحریہ ہیلی کاپٹر حادثہ،فوج کی قائم کردہ اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی نے کام شروع کر دیا
کیپشن: image by facebook

اسلام آباد:پاکستان فوج کی قائم کردہ اعلیٰ سطحی کمیٹی نے سمندر میں مشقوں کے دوران حادثے کا شکار ہونے والی پاک باک بحریہ کے ہیلی کاپٹر کی تحقیقات کیلئے کام شروع کر دی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان فوج کی قائم کردہ اعلیٰ سطحی کمیٹی نے سمندر میں تباہ ہونے والے پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

حادثہ پاکستانی سمندری حدود میں جمعرات کو اس وقت پیش آیا جب پاکستانی بحریہ کا ایک سی کنگ ہیلی کاپٹر جنگی مشق کے دوران پی این ایس ذوالفقار نامی جنگی جہاز سے عملے کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

پاکستان بحریہ کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے میں پائلٹ سمیت چار شہید ہوگئے جبکہ معاون پائلٹ سمیت تین اہلکار زخمی ہوئے ہیں ۔حادثے کے وقت ایک اور بحری جہاز پی این ایس ٹیپو بھی حادثے کا شکار ہونے والے جنگی جہاز کے قریب موجود تھا۔

جنگی مشق کے وقت دونوں بحری جہاز زمین سے زمین اور زمین سے فضا تک مار کرنے والے میزائلوں اور دیگر اسلحے سے لیس تھے ، اس کے علاوہ دونوں بحری جہازوں پر ایندھن اور بہت سا اسلحہ بھی موجود تھا۔

پاکستانی بحریہ کی مشقوں میں شامل رہنے والے ایک ریٹائرڈ نیوی افسر نے حادثے کو سنگین نوعیت کا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ سطح پر تحقیقات ہونی چاہئے کیونکہ یہ نہ صرف انسانی زندگیوں بلکہ پاکستانی بحریہ کی ساکھ کا بھی معاملہ ہے۔