شہبازشریف نے مولانا فضل الرحمان کو صدارتی انتخاب میں دستبردار کروانے سے معذرت کرلی

شہبازشریف نے مولانا فضل الرحمان کو صدارتی انتخاب میں دستبردار کروانے سے معذرت کرلی

اسلام آباد:  پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد شہبازشریف نے صدارتی انتخاب میں مولانا فضل الرحمان کو دستبردار کروانے سے معذرت کرلی ،اپوزیشن لیڈر نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی صورت میں چوہدری اعتزاز احسن کے نام پر ان کی جماعت متفق نہیں ہوسکتی ۔

پیر کو وفاقی دارالحکومت میں اپوزیشن جماعتوں کے متفقہ صدارتی امیدوار کیلئے کوششیں کی گئی تھیں اس ضمن میں متحدہ مجلس عمل اور پاکستان مسلم لیگ ن ودیگر اتحادی جماعتوں کے مشترکہ امیدوار مولانا فضل الرحمان نے سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی ۔ دیرینہ دوست کے بار بار اصرار پر مولانا فضل الرحمان نے مشروط تعاون پر آمادگی ظاہر کردی کہ اگر چوہدری اعتزازاحسن کیلئے پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت مان جاتی ہے تو انہیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔

زرداری ہائوس سے یہ خبر سامنے آنے پر  اس ضمن میں محمد شہبازشریف سے رابطہ کیا اور ان سے استفسار کیا کہ مولانا صاحب تو مشروط طور پر آمادہ ہیں ۔ کیا مسلم لیگ ن چوہدری اعتزاز احسن پر آمادہ ہوسکتی ہے تو اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا جواب تھا بدقسمتی سے  پاکستان مسلم لیگ ن چوہدری اعتزازاحسن کو اپنا صدارتی امیدوار تسلیم نہیں کرسکتی ۔ اس حوالے سے کوئی راستہ نہیں ہے کسی صورت چوہدری اعتزازاحسن ہمارا امیدوار نہیں ہوسکتا ۔

اس میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد محمد نوازشریف کا بھی یہی حتمی فیصلہ ہے کہ کسی بھی صورت میں چوہدری اعتزازاحسن کے نام پر اتفاق نہیں کیا جائے گا۔ اسے مسلم لیگ ن ووٹ نہیں دے سکتی۔