معاشی ٹیم 208ارب کی تفصیل قوم کے سامنے رکھے :عمران خان

معاشی ٹیم 208ارب کی تفصیل قوم کے سامنے رکھے :عمران خان
کیپشن: Image Source : Twitter

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے بڑے صنعتکاروں کو ٹیکس معاف کرنے کے حوالے سے میڈیا پر چلنے والی خبروں کا نوٹس لے لیا، وزیراعظم نے وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب اور معاون خصوصی ندیم بابر سے تفصیلات مانگ لی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے جی آئی ڈی سی کی مد میں بڑے صنعتکاروں کو ٹیکس معاف کرنے کے حوالے سے میڈیا کی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیر عمر ایوب اور معاون خصوصی ندیم بابر سے تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

وزیراعظم نے میڈیا پر چلنے والی خبروں پر وضاحت مانگی ہے جبکہ ہدایت کی کہ ٹیکس معافی سے متعلق ابہام کو دور کیا جائے اور عوام کو واضح انداز میں بتایا جائے کہ ٹیکس کیوں معاف کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سابق حکومتوں کے کردار سے متعلق عوامی ابہام دور کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ معاشی ٹیم 208 ارب روپے معاف کرنے کی مکمل تفصیل قوم کے سامنے رکھے جبکہ 208 ارب روپے معاف کرنے سے متعلق حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جا رہا ہے، گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سرچارج سے متعلق حقائق بتانا ضروری ہے، قومی خزانے کی حفاظت کی ذمہ داری خود لی، کسی کو نہیں نوازا جائے گا۔