آئی سی سی کی ٹی 20 رینکنگ جاری، قومی ٹیم تیسرے نمبر پر پہنچ گئی

آئی سی سی کی ٹی 20 رینکنگ جاری، قومی ٹیم تیسرے نمبر پر پہنچ گئی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 رینکنگ میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی ہے جبکہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم نمبرون پوزیشن پر ہے۔ 
نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف ٹی 20 سیریز کھیلنے میں مصروف ہے جسے ایک میچ میں بنگال ٹائیگرز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث گرین شرٹس صرف ایک ریٹنگ پوائنٹس کے باعث تیسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے اور نیوزی لینڈ کی ٹیم چوتھے نمبر پر چلی گئی ہے۔ 
قومی ٹی 20 ٹیم کیلئے تیسری پوزیشن برقرار رہنے کا انحصار نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان بقیہ میچز کے نتائج پر ہو گا جن میں فتح کی بدولت کیوی ٹیم دوبارہ پاکستان کو چوتھی پوزیش پر دھکیل سکتی ہے لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کی اگلی منزل بھی پاکستان ہی ہے۔ 
بابراعظم کی قیادت میں قومی ٹی 20 ٹیم اگر نیوزی لینڈ اور پھر انگلینڈ کے خلاف سیریز میں اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیابی رہی تو ٹی 20 ورلڈکپ سے قبل ناصرف رینکنگ بہتر ہو جائے گی بلکہ کھلاڑیوں کے مورال میں بھی بے پناہ اضافہ ہو گا جو میگاایونٹ میں قومی ٹیم کیلئے خاصہ فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔ 
ٹی 20 رینکنگ میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم اس وقت پہلی پوزیشن پر قبضہ جمائے بیٹھی ہے جبکہ بھارت دوسرے، پاکستان تیسرے، نیوزی لینڈ چوتھے، جنوبی افریقہ پانچویں، آسٹریلیا چھٹے، بنگلہ دیش ساتویں، افغانستان آٹھویں، سری لنکا نوویں اور ویسٹ انڈیز دسویں نمبر پر ہے۔