کورونا وائرس کا پھیلاؤ، خیبرپختونخواہ کے 9 اضلاع میں تعلیمی اداروں پر نئی پابندیاں عائد

کورونا وائرس کا پھیلاؤ، خیبرپختونخواہ کے 9 اضلاع میں تعلیمی اداروں پر نئی پابندیاں عائد
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

پشاور: صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے 9 اضلاع میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں نئی پابندیوں کا اطلاق کر دیا گیا ہے۔ 
صوبائی انتظامیہ کی جانب سے عائد کی گئی نئی پابندیوں کے تحت طلبا کو 50 فیصد حاضری کے ساتھ 2 گروپوں میں تین، تین دن سکول آنے کی اجازت ہو گی جبکہ یہ فیصلہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس کی روشنی میں کیا گیا ہے جس میں ملک بھر میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ 
ذرائع کے مطابق مذکورہ 9 اضلاع میں پشاور، صوابی، ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، لوئر دیر، سوات، چترال اور ملاکنڈ شامل ہیں جبکہ نئی پابندیوں کا اطلاق پرائمری، مڈل، ہائی، ہائر سکینڈری سکولز سمیت مدارس، ٹیوشن سنٹر، اکیڈمیز اور نجی سکولوں پر ہو گا اور تمام سکولوں کے سربراہان کو سختی سے اعلامیہ پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب حکومت پنجاب میں نے صوبے میں کورونا وائرس کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے باعث تعلیمی اداروں کو ایک بار پھر 6 روز کیلئے مکمل طور پر بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا اور تمام نجی و سرکاری سکول 6 سے 11 ستمبر تک بند رہیں گے۔