ملک کے مختلف علاقوں میں بادل برسے تو موسم کا مزاج بدل گیا

 ملک کے مختلف علاقوں میں بادل برسے تو موسم کا مزاج بدل گیا

لاہور: کالی گھٹاؤں نے ملکہ کوہسار مری کا حسن دوبالاکردیا۔پشاور،لاہور ،اسلام آباد ،آزاد کشمیر اور دیگر علاقوں میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوتی رہی۔ موسم کی خبر دینے والوں نے مزیدبارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔جبکہ کراچی میں درجہ حرارت اوپر جانے کا امکان ہے۔گرجتے برستے بادلو ں سے مری میں سردی لوٹ آئی اور سیاحوں کے چہرے کھل اٹھے۔پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بوندیں گرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

لاہور میں رات گئے بار ش اور صبح کے وقت بونداباندی کے بعد سورج پوری آب وتاب سے روشن ہے۔ راولپنڈی ،اسلام آباد، بورے والا ،جھنگ،گوجرہ اور دیگر شہروں میں بھی بارش اور بوندا باندی نے موسم رنگین بنادیا۔کراچی میں گرمی کی لہر برقراراورموسم خشک ہے ،،،آج شہر کا درجہ حرارت35ڈگری سینٹی گریڈتک جانے کا امکان ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ اگلے چوبیس گھنٹے کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، کشمیر ،ڈی جی خان، ملتان، ساہیوال، اورکوئٹہ میں مزید بارش کا امکان ہے۔
 

مصنف کے بارے میں