کرپشن ، چوری کے باعث لوڈ شیڈنگ بڑھتی جا رہی ہے: عمران خان

کرپشن ، چوری کے باعث لوڈ شیڈنگ بڑھتی جا رہی ہے: عمران خان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کرپشن اور چوری کے باعث لوڈ شیڈنگ بڑھتی جا رہی ہے، لوڈ شیڈنگ اور بجلی چوری کی قیمت صارفین بلوں کے ذریعے ادا کر رہے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف نے گرمی کو لوڈ شیڈنگ کی وجہ قرار دیا ہے، انہیں اب احساس ہوا کہ اس ملک میں گرمی بھی پڑتی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف نے اپنی پریس کانفرنس میں تسلیم کیا کہ گزشتہ سال کے 4000 میگا واٹ کی نسبت رواں برس بجلی کا شارٹ فال بڑھ کر 5400 میگا واٹ ہو چکا ہے، حکومت نے اقرار کیا کہ گردشی قرضے 385 ارب روپے تک پہنچ چکے اور آئی پی پیز نے حکومتی ضمانت کیش کرنے کی وارننگ بھی جاری کر دی ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن اور چوری کے باعث لوڈ شیڈنگ بڑھتی جا رہی ہے، لوڈ شیڈنگ اور بجلی چوری کی قیمت صارفین بلوں کے ذریعے ادا کر رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی قیادت کا اجلاس بنی گالہ میں منعقد ہوا جس میں پاناما لیکس کے کسی بھی ممکنہ فیصلے اور دیگر ملکی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔اجلاس میں پاناما کیس کے فیصلے کے بعد کی سیاسی حکمت عملی پر غور کیا گیا جبکہ شرکا کی جانب سے ملک بھر میں بجلی کی طویل بندش کی شدید مذمت بھی کی گئی.