ڈیڈ لائن ختم، تحریک لبیک یارسول اللہ کے کارکنوں نے اہم راستے بند کر دیئے

ڈیڈ لائن ختم، تحریک لبیک یارسول اللہ کے کارکنوں نے اہم راستے بند کر دیئے

لاہور: تحریک لبیک یارسول اللہ نے ڈیڈ لائن ختم ہوتے ہی لاہور کے اہم راستوں کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا۔

لاہور کے ڈپٹی کمشنر سمیر سید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تحریک لبیک یارسول اللہ کے سربراہ خادم حسین رضوی سے کہا ہے کہ وہ داتا دربار کے بجائے ناصر باغ میں احتجاج کر لیں کیونکہ علاقے میں دفعہ 144 کا نفاذ ہو چکا ہے۔ اس کے ہوتے ہوئے کسی قسم کا اجتماع نہیں ہو سکتا۔ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک اسلام آباد پولیس نے خادم حسین کی گرفتاری کے لیے کوئی باضابطہ اطلاع نہیں دی۔

دوسری جانب ترجمان تحریک لبیک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے اپنے مطالبات دے رکھے ہیں جس کی ڈیڈ لائن دو بجے ہے اور چار بجے خادم حسین پریس کانفرنس کریں گے اور آئندہ کا لائحہ عمل مشاورت کے بعد طے کیا جائے گا۔

تحریکِ لبیک کا مطالبہ ہے کہ فیض آباد دھرنے کے خاتمے کے لیے حکام نے ان کے ساتھ جو معاہدہ کیا تھا اس کی تمام شقوں پر عمل در آمد کروایا جائے۔