نائن الیون کے بعد کشمیر کا لفظ ہی ہماری زبانوں سے مٹ گیا: فضل الرحمان

نائن الیون کے بعد کشمیر کا لفظ ہی ہماری زبانوں سے مٹ گیا: فضل الرحمان

اسلام آباد: مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ نائن الیون کے بعد کشمیر کا لفظ ہی ہماری زبانوں سے مٹ گیا، ہمارے ہوائی اڈوں کو امریکا کے حوالے کیا گیا۔ نائن الیون کے بعد ملک کو بیچا گیا اور اس کے وقار کو بھی بیچ دیا گیا۔

مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہیں، جمعے کو پورے ملک میں یوم احتجاج منایا جائے گا۔ نائن الیون کے بعد کشمیر کا لفظ ہی ہمارے زبانوں سے مٹ گیا۔ کشمیر مسئلے کا حل فوجی ہے یا سیاسی ہم آج تک طے نہیں کر سکے، بھارت کو کہہ چکے ہیں کشمیر مسئلے کا حل سیاسی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تنقید کرنا بہت آسان، ذمے داری نبھانا آسان نہیں۔ صدر، وزیراعظم، وزیر خارجہ پر تنقید نہیں ہو رہی، مجھ پر تنقید ہو رہی ہے، معلوم ہوتا ہے امیدیں چیئرمین کشمیر کمیٹی سے ہی وابستہ ہیں۔ تنقید کرنے والے کتنے پُر عزم ہیں ہم جانتے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے لیے سڑکوں پر آنا ہو گا، بھارتی قابض فوج نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے، پیلٹ گن کے استعمال سے سیکڑوں کشمیری بینائی سے محروم ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی نے اپنی ذمے داری نبھائی، آج اقوام متحدہ اور عالمی فورمز پر کشمیر کی بات ہو رہی ہے۔