پاکستان میں سیاستدانوں کی اداروں میں مداخلت تباہ کن ثابت ہوئی: پرویز خٹک

پاکستان میں سیاستدانوں کی اداروں میں مداخلت تباہ کن ثابت ہوئی: پرویز خٹک

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاستدانوں کی اداروں میں مداخلت ملک و قوم کیلئے تباہ کن ثابت ہوئی ہے یہ بات طے ہے کہ اداروں میں سیاسی مداخلت کا خاتمہ کئے بغیر عام آدمی کو حق اور انصاف کی فراہمی ممکن نہیں۔

وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں دیر بالا سے پی ٹی آئی کی مقامی قیادت اور کارکنوں کے وفد نے پرویز خٹک سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر محمود خان، وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی ڈاکٹر امجد علی، ایم پی اے فضل حکیم اور دیگر مقامی نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے دیر بالا سے معروف سیاسی شخصیت صاحبزادہ صبغت اللہ نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی سے مستعفی ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا وزیر اعلیٰ نے صاحبزادہ صبغت اللہ اور انکے خاندان کی تحریک انصاف میں شمولیت کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ عوام و خواص کی تحریک انصاف میں شمولیت کا بڑھتا ہوا رحجان تحریک انصاف اور صوبائی حکومت کی عوامی خدمات کی غمازی کرتا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ایجنڈا عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہے خیبر پختونخوا میں یہ واحد سیاسی جماعت ہے جس نے اپنے ایجنڈے پر عمل کیا یہاں دعویٰ تو ہر کسی نے کیا اور آج بھی لوگ عوامی خدمت کے دعوے کر رہے ہیں مگر حکومت میں آنے کے بعد عملی طور پر کوئی بھی اپنے ایجنڈے کا نفاذ نہیں کر سکا سب اپنا وقت گزار کر چلتے رہے ہاں اداروں میں سیاسی مداخلت ایک ایسا جرم ہے جس کا ارتکاب ہر سیاسی جماعت نے کیا۔ پہلی بار پی ٹی آئی نے آ کر اس قومی جرم کی حوصلہ شکنی کی اور اسکے خلاف دیر پا اقدامات کئے۔