مظلوم کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک گیرا حتجاج کیا جائے گا: حافظ سعید

مظلوم کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک گیرا حتجاج کیا جائے گا: حافظ سعید

لاہور: امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ کشمیر کی تحریک تیزی سے منزل کی جانب بڑھ رہی ہے۔ جہاں شہداء کا خون گر جائے اس تحریک کو کوئی کامیابی سے نہیں روک سکتا۔

مظلوم کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جمعہ 6 اپریل کو ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔ تحصیل و اضلاع کی سطح پر شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر کی مساجد میں علماء کرام خطبات جمعہ میں کشمیر میں جاری قتل و غارت گری کو موضوع بنائیں گے اور بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف مذمتی قرار دادیں منظور کی جائیں گی۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج اسرائیلی ماہرین کے تعاون سے کشمیریوں کی نسل کشی کر رہی ہے۔ کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کر کے کشمیری قوم کو خوفزدہ کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ بھارتی فوج کے اس ظلم و بربریت پر انسانی حقوق کے نام نہاد دعویدار ملکوں اور اداروں کی مجرمانہ خاموشی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں غاصب بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے نام پر نہتے کشمیریوں کی بدترین قتل و غارت گری کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔