قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کی مذمت

قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کی مذمت

اسلام آباد: قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے حالیہ دہشتگردی کی فضاء کی شدید مذمت کرتے ہوئے کشمیری عوام کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے اور بھارتی بربریت کو دو طرفہ اور اکثیر الجہتی فورم پر اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا، اجلاس میں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود کے علاوہ وزیر خارجہ خواجہ آصف، وزیر داخلہ احسن اقبال اور ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز میجر جنرل ساحر شمشاد مرزا نے شرکت کی۔

اجلاس میں خطے کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فورسز کے حالیہ ظلم و ستم سے 20 معصوم شہری شہید اور سینکڑوں زخمی ہوئے۔ پیلٹ گن کے استعمال سے سینکڑوں کشمیری زخمی اور بینائی سے محروم ہوئے کمیٹی نے بھارتی جبر کے سامنے کشمیری عوام کے غیر معمولی عزم اور حوصلے کی تعریف کی۔ کشمیریوں کی تحریک نے بھارتی حکومت کے جھوٹے پراپیگنڈے کو بے نقاب کیا ہے۔ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ کمیٹی نے خطے میں امن استحکام کیلئے پاکستان کے کردار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کی شدید مذمت کی گئی اور معاملے کے عالمی سطح پر نوٹس لینے کی بھی اپیل کی گئی۔

اجلاس میں ڈی جی ملٹری آپریشنز نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی خلاف ورزیوں، افغان سرحد پر سیکیورٹی موثر بنانے اور فاٹا آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی۔