اوپرا ونفری نے کورونا فنڈز میں 10 ملین ڈالر عطیہ کر دیے

اوپرا ونفری نے کورونا فنڈز میں 10 ملین ڈالر عطیہ کر دیے
کیپشن: اوپرا ونفری نے رقم عطیہ کرنے کا اعلان اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے کیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

نیو یارک: مقبول ترین امریکی ٹی وی شو میزبان و اداکارہ اوپرا ونفری نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑنے کے لیے 10 ملین ڈالر کی رقم عطیہ کردی۔

امریکا کی امیر ترین اور بااثر خاتون اوپرا ونفری نے کورونا وائرس ریلیف کے لیے 10 ملین ڈالرکی رقم عطیہ کرنے کا اعلان اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں 10 ملین ڈالر کی رقم عطیہ کر رہی ہوں تاکہ عالمی وبا کے دوران ملک بھر اور وہ علاقے جہاں میں بڑی ہوئی ہوں اور امریکیوں کی مدد کی جا سکے۔


66 سالہ امریکی ٹی وی شو میزبان اوپرا ونفری مسیسیپی میں ایک غریب گھرانے میں پیدا ہوئیں اور اب وہ ان تمام ارب پتی لوگوں کی فہرست میں شامل ہو گئی ہیں جنہوں نے کووڈ-19 سے نمٹنے کے لیے کروڑوں رقم عطیہ کی ہے۔

خیال رہے کہ اوپرا ونفری نے یہ رقم ایک نئے اقدام ’امریکا فوڈ فنڈز‘ کے تحت دیا ہے جو کہ ایپل کمپنی، دی فورڈ فاؤنڈیشن، کارین پاول جابز اور اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو نے مل کر مقامی لوگوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے شروع کیا ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھرمیں معروف شخصیات اور اداروں کی جانب سے کورونا وائرس سے نمٹنےکے لیے عطیات اور میڈیکل آلات عطیہ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔