ٹرمپ نے کورونا سے نمٹنے کیلئے ایران کو مدد کی پیشکش کر دی

ٹرمپ نے کورونا سے نمٹنے کیلئے ایران کو مدد کی پیشکش کر دی
کیپشن: وائرس کے معاملے پر ہم سے مدد چاہتے ہیں تو ہمارے پاس انہیں بھیجنے کے لیے پیار محبت ہے، ٹرمپ۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے مدد کی پیشش کش کر دی۔عرب خبر رساں ادارے کے مطابق میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایرانی رہنما مدد کے لیے کہتے ہیں تو یہ ان کی اخلاقی ذمہ داری ہوگی کہ وہ کورونا سے بری طرح متاثر ایران کی امریکی پابندیوں کے باوجود مدد کریں لیکن اب تک ایران کی جانب سے مدد کے لیے نہیں کہا  گیا ہے۔

ایک صحافی کی جانب سے امریکی صدر سے کورونا کے باعث ایران پر پابندیاں نرم کرنے کا سوال کیا گیا جس پر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر وہ ملنا چاہتے ہیں تو ہمارے پاس ان کے لیے پیار ہے اور ہم تمام چیزیں سیٹ کریں گے۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ میں نے ایران سے متعلق عوامی سطح پر بھی کہا ہے کہ اگر وہ وائرس کے معاملے پر ہم سے مدد چاہتے ہیں تو ہمارے پاس انہیں بھیجنے کے لیے پیار محبت ہے، ہمارے پاس دنیا کے بہترین طبی ماہرین ہیں جنہیں ہم محبت کے ساتھ ان کے پاس بھیجیں گے۔

ایران میں اب تک کورونا وائرس کے 50 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جب کہ 3 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں جن میں کچھ حکومتی شخصیات بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای پہلے ہی امریکی مدد کو مسترد کر چکے ہیں اور انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ وائرس ممکنہ طور پر امریکا کی طرف سے بنایا گیا ہے البتہ ایرانی حکام نے ملک کی تباہ حال معیشت کی وجہ سے امریکا سے پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔