وزیراعظم عمران خان نے مشکل وقت میں پاکستانیوں کو بڑی غلط فہمی سے آگاہ کردیا

وزیراعظم عمران خان نے مشکل وقت میں پاکستانیوں کو بڑی غلط فہمی سے آگاہ کردیا

لاہور:وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ سوشل میڈ یا پر کورونا وائرس سے متعلق غلط باتیں چل رہی ہیں،کورونا کسی کو نہیں چھوڑتا ،لوگ پاگل پن کر کے اپنے آپ کو مشکل میں نہ ڈالیں ،اس غلط فہمی میں نہ رہیں کہ کورونا سے پاکستانیوں کو کچھ نہیں ہوتا ۔

لاہور میں کورونا ریلیف فنڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ اس وقت ہم ایک مشکل وقت سے گزر رہے ہیں ،یہ ہمارے لیے ایک امتحان اور چیلنج ہے اس سے نمٹنے کے بعد ہم دوبارہ وہ قوم بن کر ابھریں گے جو قائد اعظم کا نظریہ ہے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں تمام ڈونرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈ میں عطیات دیے، مشکل میں ہی انسان کے ایمان کا پتا چلتا ہے، جب بزنس مین نقصان کے دور میں فراڈ کرتا ہے تو وہ تباہ ہوجاتا ہے، انسان کی سب سےبڑی خوبی مشکل وقت میں صبرکرنا ہے۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں 5 سے 6 کروڑ لوگ غربت کی لکیرکے نیچے ہیں، میں کورونا وبا کو بڑا چیلنج سمجھتا ہوں، بدقسمتی سے اسلام کو ووٹ لینے اور دیگر وجوہات کی بنا پر استعمال کیا جاتا رہا۔