مسلسل جدوجہد کرنا ہو گی، کوئی چھٹی نہیں: وزیراعظم کی اراکین اسمبلی کو ہدایت

مسلسل جدوجہد کرنا ہو گی، کوئی چھٹی نہیں: وزیراعظم کی اراکین اسمبلی کو ہدایت
کیپشن: Image Source: File Photo

لاہور:  وزیراعظم عمران خان کا پارٹی اراکین اسمبلی کو کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء کے دوران کسی کو کوئی چھٹی نہیں ہے۔


رضا کاروں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ آپ نے آنے والے دنوں میں حلقے کی عوام کے ساتھ کھڑا ہونا ہے۔ کورونا وائرس کے دوران کوئی چھٹی نہیں ہے مسلسل جدوجہد کرنا ہوگی، اگرآپ نے لوگوں کی مشکل وقت میں مدد کر دی توآپ کامیاب ہوجائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اندازہ نہیں لگاسکتے کورونا وائرس کب ختم ہوگا۔ لوگ صرف ان کویاد کریں گے جومشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے، مشکلات کا سامنا کرکے ہم مضبوط قوم بنیں گے۔

عمران خان نے اراکین اسمبلی کو ہدایت کی کہ حلقے کی عوام کے دکھ،درد میں شامل ہوں، آپ کے مخالف سوشل ورک کرہی نہیں سکتے، وہ صرف جائیدادیں بنانے آئے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مال بنانے والے سماجی بہبود کا کام نہیں کرسکتے۔ سیاسی مخالفین تنقید کے علاوہ کچھ نہیں کرسکتے۔

 

دریں اثناء وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب نے وزیر اعظم کو کورونا وائرس کی روک تھام اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریف کیا، وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتظامات اور اقدامات کو سراہا۔