فیس بک کے کروڑوں صارفین کا ذاتی ڈیٹا چوری

فیس بک کے کروڑوں صارفین کا ذاتی ڈیٹا چوری
سورس: file

نیو یارک: ہیکرز نے 106 ممالک کے 50 کروڑ سے زائد فیس بک صارفین کا ذاتی ڈیٹا چوری کرکے ویب سائٹس پر پوسٹ کر دیا ۔

ٹیکنالوجی کمپنی ہیڈسن راک کے مطابق ، ہیکرز کی ویب سائٹ پر 106 ممالک کے صارفین کی ذاتی معلومات موجود ہیں جن میں ان کے فون نمبرز ، فیس بک آئی ڈیز ، پورے نام ، ان کے مقامات ، تاریخ پیدائش اور ای میل ایڈریس شامل ہیں ۔

فیس بک انتظامیہ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق اس مسئلے کو سن دو ہزار انیس میں حل کر لیا گیا تھا اور یہ پرانا ڈیٹا ہے ۔

واضح رہے کہ اس سے قبل فیس بک نے صارفین کیلئے نیوز فیڈ کو مزید کنٹرول کرنے والے نئے فیچرز متعارف کروائے ہیں جن کے ذریعے اب صارفین اپنی ٹائم لائن پر مرضی کا مواد دیکھ سکیں گے ۔

کمپنی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ نئے فیچرز کے ذریعے ناصرف اپنی نیوز فیڈز کی الگورتھم رینکنگ کو بند کر کے اپنی پسند کا مواد دیکھ سکتا ہے بلکہ کمنٹ آڈینس کو کنٹرول کرسکتا ہے لیکن اس فیچر کے ذریعے صرف اسی آڈنیس کو کنٹرول کیا جاسکے گا جنہیں مینو میں سے منتخب کیا گیا ہو ۔

کمپنی کا مزید کہنا تھا کہ نئے فیچرز کے ذریعے نیوز فیڈ کو ترتیب دینے اور براؤز کرنے میں آسانی ہو گی اور ساتھ ہی صارف نیوز فیڈ پر اپنی مرضی کا مواد دیکھ سکے گا ۔ حال ہی میں فیس بک نے ’ فیورٹس‘ نامی فیچر متعارف کروایا تھا جس کے ذریعے صارفین اپنے دوستوں اور منتخب پیجز کے مواد کو ترجیحی بنیاد پر دیکھ سکتے ہیں ۔

کمپنی کی جانب سے یہ سہولت ابتدائی طور پر اینڈرائڈ صارفین کیلئے فراہم کی گئی ہے جو نیوز فیڈ کو سکرول کرنے کے بعد اس آپشن تک پہنچ سکتے ہیں جبکہ آئی فون صارفین کیلئے بھی آئندہ چند ہفتے میں یہ سہولت فراہم کر دی جائے گی ۔

 بشکریہ: نئی بات