بین الصوبائی ٹرانسپورٹ ہفتے میں دو دن بند رکھنے کا فیصلہ

بین الصوبائی ٹرانسپورٹ ہفتے میں دو دن بند رکھنے کا فیصلہ
کیپشن: بین الصوبائی ٹرانسپورٹ ہفتے میں دو دن بند رکھنے کا فیصلہ
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: انسداد کورونا کے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا کیسز میں اضافے کے باعث بین الصوبائی ٹرانسپورٹ ہفتے میں دو دن بند رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔

این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا جائزہ لیا گیا اور اس کی روک تھام کیلئے اہم فیصلے کیے گئے۔این سی او سی کے مطابق بین الصوبائی ٹرانسپورٹ ہفتے میں دو دن بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ ہفتے اور اتوار بند رکھی جائے گی۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ مال بردار، ادویات اور دوسری ایمرجنسی سروسز کی ترسیل کو استثنیٰ حاصل ہوگا جبکہ فیصلے کا اطلاق 10 اپریل سے 25 اپریل تک ہو گا۔ این سی او سی کے مطابق ٹرینیں 70 فیصد مسافروں کے ساتھ فعال رہیں گی۔

خیال رہے کہ این سی او سی کے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھرمیں کورونا مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 87 ہزار 908 ہو گئی ہے جن میں سے ایکٹو کیسز کی تعداد 60 ہزار 72 ہے۔ کورونا سے متاثر 3 ہزار 568 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ 24 گھنٹے کے دوران 55 ہزار 605 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 5 ہزار 20 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 9.02 فیصد رہی۔

سندھ میں کورونا متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 66 ہزار 378 ہو گئی۔ پنجاب 2 لاکھ 31 ہزار 73، خیبرپختونخوا 91 ہزار 439، بلوچستان میں 19 ہزار 734 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ اسلام آباد 60 ہزار 911، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 52 کیسز جبکہ آزاد کشمیر میں کورونا مریضوں کی تعداد 13 ہزار 321 تک پہنچ گئی ہے۔

ملک بھر میں کورونا میں مبتلا 3 ہزار 367 مریض گذشتہ 24 گھنٹوں میں صحت یاب ہوئے جس کے بعد وبا سے صحت یاب افراد کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 13 ہزار 58 ہو گئی ہے۔