فخر زمان کی یادگار اننگز رائیگاں، جنوبی افریقہ نے 17 رنز سے میچ جیت لیا، سیریز 1-1 سے برابر

فخر زمان کی یادگار اننگز رائیگاں، جنوبی افریقہ نے 17 رنز سے میچ جیت لیا، سیریز 1-1 سے برابر
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

جوہانسبرگ: جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم نے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 17 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی ہے۔ پاکستان کے فخر زمان نے انتہائی عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 193 رنز بنائے مگر ان کی یہ اننگز ٹیم کے کام نہ آ سکی۔ 
تفصیلات کے مطابق دی وینڈررز سٹیڈیم جوہانسبرگ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 341 رنز بنائے۔ 
ٹیمبا باووما نے 102 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 92 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کوینٹن ڈی کوک 80، ایڈن مارکرم 39، ریسی وینڈرڈوسن 60، ڈیوڈ ملر 50، ہینرچ کلاسن 11، اینڈیل فیلوک وائیو 3 اور کاگیسو ربادا ایک سکور بنا سکے۔ 
پاکستان کی جانب سے حارث رﺅف سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 10 اوورز میں 54 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شاہین شاہ آفریدی، محمد حسنین اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم ابتداءسے ہی مشکلات کا شکار رہی اور صرف 120 کے مجموعی سکور پر اس کے پانچ کھلاڑی آﺅٹ ہو گئے تاہم ایک جانب وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا تو دو سری جانب فخر زمان نے عمدہ بلے بازی کے ذریعے جیت کی امید بھی جگائے رکھی۔ 
آخری اوور میں قومی ٹیم کو جیت کیلئے 31 رنز درکار تھے تاہم پہلی گیند پر فخر زمان رن آﺅٹ ہو گئے اور یوں جیت کی آخری امید بھی دم توڑ گئی اور پوری ٹیم مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 324 رنز ہی بنا سکی۔ فخر زمان نے کیرئیر کی بہترین بلے بازی کرتے ہوئے 155 گیندوں پر 10 چھکوں اور 18 چوکوں کی مدد سے 193 رنز بنائے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں امام الحق 5، بابراعظم 31، محمد رضوان صفر، دانش عزیز 9، شاداب خان 13، آصف علی 19، فہیم اشرف 11، شاہین شاہ آفریدی 5، حارث رﺅف 1 اور محمد حسنین 12 رنز بنا سکے۔ 
جنوبی افریقہ کی جانب سے اینرچ نوکیا سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 10 اوورز میں 63 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور اینڈیل فیلوک وائیو نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ کاگیسو ربادا، لونگی انگیڈی اور تبریز شمسی ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ 
واضح رہے کہ میچ کیلئے جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کی قیادت ٹیمبا باووما نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کوینٹن ڈی کوک، ایڈن مارکرم، ریسی وینڈرڈوسن، ہینرچ کلاسن، ڈیوڈ ملر، اینڈیل فیلوک وائیو، کاگیسو ربادا، اینرچ نورجے، لونگی انگیڈی اور تبریز شمسی شامل تھے۔ 
پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت بابراعظم نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، امام الحق، بابراعظم، محمد رضوان، دانش عزیز، آصف علی، شاداب خان، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، محمد حسنین اور حارث رﺅف شامل تھے۔