عثمان بزدار کے بطور نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کام جاری رکھنے کا امکان

عثمان بزدار کے بطور نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کام جاری رکھنے کا امکان

لاہور: قومی اسمبلی تحلیل کئے جانے کے بعد اب پنجاب اسمبلی بھی توڑے جانے اور سردار عثمان بزدار کو نگراں وزیراعلیٰ کے فرائض سونپے جانے کا امکان ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو اسلام آباد طلب کر لیا ہے اور ان کے ساتھ سابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو بھی اسلام آباد بلایا ہے۔ گورنر پنجاب ملاقات کے دوران وزیراعظم سے آئندہ لائحہ عمل سے متعلق رہنمائی لیں گے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنماءمیاں محمود الرشید کو بھی اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کر دی ہے۔ اس ملاقات میں پنجاب کے سیاسی بحران سے نمٹنے کیلئے مختلف آپشنز پر غور کیا جائے گا۔ 
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار اور میاں محمود الرشید وزیراعظم عمران خان کو پنجاب میں نمبر گیم پر بریف کریں گے جبکہ پنجاب اسمبلی توڑے جانے اور سردار عثمان بزدار کو بطور نگراں وزیراعلیٰ فرائض سرانجام دینے کا بھی امکان ہے۔ 
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا تھا جس کے بعد عمر سرفراز چیمہ کو نیا گورنر پنجاب مقرر کیا گیا جبکہ گزشتہ روز ہی پنجاب اسمبلی میں نئے وزیراعلیٰ کے چناؤ کیلئے ووٹنگ ہونا تھی مگر ہنگامہ آرائی کے باعث اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔ 

مصنف کے بارے میں