عمران نیازی نے گزشتہ روز غیر آئینی سول مارشل لاءنافذ کیا: شہباز شریف

عمران نیازی نے گزشتہ روز غیر آئینی سول مارشل لاءنافذ کیا: شہباز شریف

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کل کا دن پاکستان کی تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا، عمران نیازی نے غیرآئینی سول مارشل لاءنافذ کیا۔ 
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں متحدہ اپوزیشن کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آرٹیکل 5 کے زمرے میں کوئی چیز آرہی تھی تو سپیکر نے تحریک 24 مارچ کو کیوں منظور کی، اس تحریک میں کسی قسم کا ردوبدل ممکن نہیں تھا اور گزشتہ روز اسے ووٹنگ کیلئے پیش کیا جانا تھا۔ 
شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے سفیر نے 16 مارچ کو الوداعی ڈنر دیا جس کی انہوں نے ٹوئٹ بھی کی جبکہ اس ڈنر میں سفیر نے متعلقہ امریکی عہدیدار کو بھی بلایا جس پر دھمکی کا الزام ہے، ہمارے سفیر نے اپنے ٹویٹ میں ڈونلڈ لو کا اچھے تعلقات اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور ان کے حواریوں نے آئین کی خلاف ورزی کی، بالکل اسی طرح 3 نومبر 2007 کو پرویز مشرف نے بھی یہی حرکت کی تھی۔ کل اسمبلی میں ڈپٹی سپیکر کو آناًفاناً فلور دیا اور انہوں نے کاغذ پر لکھا ہوا آرڈر پڑھا، عمران نیازی کی فسطائی سوچ غالب آئی اور سپیکر کو آلہ کار بنا کر اسے استعمال کیا گیا۔ 
صدر مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد پر اگر کوئی اعتراض تھا تو لیوگرانٹ کیوں کی گئی، تحریک کو کل ہر صورت ووٹنگ کیلئے پیش کیاجانا تھا اور اٹارنی جنرل نے بھی کہا تھا کل ہر صورت ووٹنگ ہو گی جبکہ تحریک میں کسی قسم کا ردو بدل ممکن نہ تھا ، عدالت نے کل کہا ماورائے عدالت کام نہ کیا جائے مگر عمران نیازی ماورائے آئین اقدام تو کل اٹھا چکا۔ 
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی اپنی سیاسی شکست کا سامنا نہیں کرسکتے تھے جس کے باعث انہوں نے جمہوریت کو مسخ کیا، آئین شکنی کی جس کے باعث کل رات سے قوم ایک ویکیوم میں جا رہی ہے۔ عمران نیازی نے سازشی ذہن کے ساتھ آئین توڑا اور ہمیں غدار بنا دیا، یہ آئین پاکستان کے ساتھ سنگین مذاق ہے۔ 

مصنف کے بارے میں