نئی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھا لیا

نئی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھا لیا

اسلام آباد: ایوان صدر میں نئی وفاقی کابینہ کی تقریب حلف برداری ہوئی جس میں نئی کابینہ میں موجود وفاقی وزرا اور وزیر مملکت سے صدر مملکت ممنون حسین نے ان سے عہدے کا حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی اور سفارتکاروں سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔ نئی کابینہ میں 28 وفاقی وزرا اور 19 وزرائے مملکت شامل ہیں۔

 

یاد رہے کہ نومنتخب وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے گذشتہ روز 47 رکنی کابینہ کی منظوری دی تھی۔

نئی کابینہ میں کچھ نئے چہرے بھی شامل کیے گئے جبکہ زیادہ تر انحصار پرانے وزراء پر کیا گیا ہے۔ کچھ وزراء کے محکمے بھی تبدیل ہوئے ہیں۔ خواجہ آصف کو وزیر خارجہ جبکہ احسن اقبال کو وزیر داخلہ کی اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ خرم دستگیر وزیر دفاع اور پرویز ملک وزیر کو وزیر تجارت بنا دیا گیا۔ مشاہد اللہ خان موسمیاتی تبدیلیوں، غالب خان سیفران ، بلیغ الرحمان تعلیم، جاوید علی آبی ذخائر اور اویس لغاری سائنس و ٹیکنالوجی کے وزیر ہونگے۔ خواجہ سعدرفیق بدستور ریلوے، زاہد حامد قانون، اسحاق ڈار خزانہ اور سردار محمد یوسف وزیر مذہبی امور رہیں گے۔

وفاقی کابینہ کے دیگر ارکان میں سائرہ افضل تارڑ، عبدالقادر بلوچ ، سکندرحیات بوسن، کامران مائیکل۔ شیخ آفتاب، ریاض پیر زادہ، برجیس طاہر، حاصل بزنجو، اکرم خان درانی، مرتضیٰ جتوئی، حافظ عبدالکریم، رانا تنویر، مولانا امیر زمان اور صلاح الدین ترمذی بھی شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت توانائی و پٹرولیم کا اکٹھا کر دیا گیا ہے جس کا قلمدان وزیراعظم اپنے پاس رکھیں گے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے سنائے جانے والے پاناما فیصلے کی روشنی میں نواز شریف کے سبکدوش ہونے کے بعد وفاقی کابینہ بھی تحلیل ہو گئی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں