قومی ٹی20کرکٹ کیلئے ڈرافٹ 10 اگست کو ہوں گے

قومی ٹی20کرکٹ کیلئے ڈرافٹ 10 اگست کو ہوں گے

لاہور:قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کیلئے ڈرافٹ 10اگست کو ہونگے جس سے ہر ٹیم کیلئے 11 کرکٹرز کا انتخاب ہوگیا۔قومی ٹی 20ٹورنامنٹ 25اگست سے 10ستمبر تک ملتان میں ہوگا،8ریجنل ٹیموں کے ایونٹ میں ہر اسکواڈ کے11کرکٹرز کا انتخاب ڈرافٹ سسٹم سے ہوگا،ان میں ایک ایمرجنگ پلیئر کی شمولیت لازمی قرار دی گئی ہے۔

 پی سی بی کی جانب سے آٹھوں ریجنز کے سربراہوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ کپتانوں سمیت 4،4کرکٹرز کے نام 6اگست تک بجھوا دیں، یہ پابندی بھی عائد کی گئی کہ اسکواڈ کی قیادت کرنے والے پلیئر کا حتمی فیصلہ کرنے سے قبل چیف سلیکٹر انضمام الحق سے بھی مشاورت کرتے ہوئے انھیں اعتماد میں لیں۔بعد ازاں 10اگست کو قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے ڈرافٹ کے عمل میں ہر ریجن کیلیے دیگر 11کرکٹرز کا انتخاب کرنے والے سلیکشن پینل میں ٹیم کا نامزد کپتان بھی شامل ہوگا،ایک قومی سلیکٹر، ریجنل ایسوسی ایشن کے سربراہ اور ہیڈ کوچ کپتان کے ساتھ باہمی مشاورت سے دستیاب پول میں سے کھلاڑی منتخب کرینگے۔

یاد رہے کہ قومی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹس کے بعد پی سی بی قائد اعظم ٹرافی کی ریجنل ٹیموں کیلیے بھی ڈرافٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کرچکا ہے، ہر اسکواڈ میں صرف 10کھلاڑی مقامی ہونگے،سابق کرکٹرز اس فیصلے کو ریجنزکے کرکٹرز کی حق تلفی قرار دے رہے ہیں۔

مصنف کے بارے میں