نواز شریف ہی لوگوں کے دلوں کے وزیر اعظم ہیں، مریم اورنگزیب

نواز شریف ہی لوگوں کے دلوں کے وزیر اعظم ہیں، مریم اورنگزیب

اسلام آباد :  وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ میاں محمد نواز شریف ہی لوگوں کے دلوں کے وزیر اعظم ہیں اور آنے والے وقت میں وزیر اعظم نواز شریف ہی ہوں گے ۔ نواز شریف کے نا مکمل ٹاسک اور منصوبوں کو آئندہ 10 ماہ میں مکمل کیا جائے گا ،اپوزیشن کی تمام جماعتوں اور بالخصوص ایک جماعت کو چاہیے کہ وہ اپنے اپنے صوبوں میں جہاں جہاں ان کی حکومتیں ہیں وہاں پر کام کریں ۔ انہوں نے چار سال ضائع کئے ہیں ان کے پاس کارکردگی بتانے کے لیے ایک لفظ بھی نہیں ہے ۔ چار ، پانچ روز سے سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا کے کچھ حلقوں میں صرف خاتون پر سیاست ہو رہی ہے اگر عائشہ گلا لئی نے کسی قسم کا بھی الزام لگایا ہے تو اس کی کسی مستند فورم پر تحقیق ہونی چاہیے ۔

ان خیالات کا اظہار مریم اورنگزیب نے سرکاری ٹی وی سے انٹرویو میں کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی کابینہ سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کا ہی تسلسل ہ ۔ نئے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی بھی میاں نواز شریف کے 30,35 سال پرانے ساتھی ہیں ۔ پرانی کابینہ کا تسلسل ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کے نا مکمل ٹاسک کو موجودہ کابینہ اس پر عملدرآمد کرے گی ۔ 2018 ء تک جو ( ن ) لیگ کا منشور ہے اس کو آئندہ 10 ماہ میں مکمل کیا جائے گا جب ہم 2018 ء میں عوام کے پاس دوبارہ جائیں گے تو اسی منشور پر عمل کیا ہو گا جس کا وعدہ 2013 ء کے انتخابات میں میاں نواز شریف نے پاکستان کی عوام سے کیا تھا ۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی کابینہ میں پورے پاکستان اور ہر خطہ کی نمائندگی ہے ۔ خواتین اور اقلیتوں کی نمائندگی ہے یہ ایک مکمل کابینہ ہے ۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی وزراء کو ٹاسک دیں گے اور میاں نواز شریف کے جتنے منصوبے آخری 10 ماہ میں مکمل ہونا تھے یہ ساری ٹیم مل کر ان کو مکمل کرے گی ۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جتنی ہلچل مچی اس میں وزیر اعظم نواز شریف پاکستان کے آئین اور قانون کی پاسداری کی اور جمہوریت تقویت دینے کا سلسلہ آج مکمل ہوا ہے ۔ جمہوری طریقہ سے مکمل ہوا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی تمام قوتوں اور بالخصوص ایک جماعت کو چاہیے کہ وہ اپنے اپنے صوبوں میں جہاں جہاں ان کی حکومتیں ہیں وہاں پر کام کریں کیونکہ اس شور سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچ رہا ۔ پہلے ہی انہو ں نے چار سال ضائع کئے ہیں ان کے پاس کارکردگی بتانے کے لیے ایک لفظ بھی نہیں ہے سوائے اس کے کہ انہوں نے جو وقت سڑکوں پر گزارا ۔ ان کا کہنا تھا کہ آخری 10 ماہ میں ان کو بھی سوچنا چاہیے ۔ ایک اہم صوبہ خیبر پختونخوا میں ان کی حکومت ہے اس طرح سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے ہم سب کو مل کر وفاق کا ثبوت دینا چاہیے اور ہم سب کو مل کر اپنے اپنے صوبوں میں کام کرنا چاہیے تاکہ جب ہم 2018 ء میں لوگوں کے پاس جائیں تو لوگ ان وعدوں کو ضرور دیکھیں جو 2013 ء میں ان سے ہوئے تھے ۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ورکنگ جرنلسٹس کے لیے گزشتہ 6,7 ماہ سے کام کر رہے ہیں یہ کام حتمی مرحلہ میں ہے ۔ ان کی فلاح و بہبود اور سیکیورٹی کا پاکستان میں بہت مسئلہ ہے ۔ ورکنگ جرنلسٹس نے جس طرح دہشت گردی کے خلاف آگے بڑھ کر جس طرح جنگ لڑی ہے اس لیے انہیں تحفظ کی اشد ضرورت ہے ڈرافٹ بل تیار ہو گیا ہے جس سے انہیں سیکیورٹی کے حوالہ سے قانونی تحفظ ملے گا۔ پہلی مرتبہ جب میں وزیر بنی تھی تو جو ذمہ داریاں مجھے دی گئی تھیں انہیں مکمل کروں گی . مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ تیسری مرتبہ منتخب وزیر اعظم نواز شریف ہی لوگوں کے دلوں کے وزیر اعظم ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے اپنے تین ادوار میں عوام کی جتنی خدمت ہے اس کا موازنہ دیگر تمام حکومتوں سے کریں تو پتہ چلے گا عوام نواز شریف سے اتنی محبت کیوں کرتی ہے آنے والے وقت میں وزیر اعظم نواز شریف ہی ہوں گے ۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں