امارات میں درجہ حرارت عروج پر، کھڑی گاڑیوں میں آگ بھڑکنے لگی

امارات میں درجہ حرارت عروج پر، کھڑی گاڑیوں میں آگ بھڑکنے لگی

دبئی: متحدہ عرب امارات میں درجہ حرارت اس قدر بڑھ گیا کہ سڑک پر کھڑی گاڑیوں میں آگ بھڑکنے لگ گئی ہے۔
خلیجی خبر رساں ایجنسی کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ایک دن میں شدید گرمی کی وجہ سے گاڑیوں میں آتشزدگی کے واقعات میں اضافہ ہونے لگاہے جس کے بعد حکام نے شہریوں کو حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
شدید گرمی کے باعث آگ لگنے کا پہلا واقعہ صبح ساڑھے 10 بجے ام القیون کے علاقے میں پیش آیا ۔اس کے بعد فائرفائٹرز کی ایک ٹیم فوری طور پر روانہ کی گئی جس نے آگ کو پھیلنے سے روک دیا۔دوسرا واقعہ دبئی میں تقریباً صبح 11 بجے پیش آیا جب ابوظہبی سے دبئی میڈیا سٹی جانے والی منی بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ دبئی پولیس اور شہری دفاع کے حکام نے فوری طور پر شیخ زید روڈ کو بند کر کے بس میں لگی آگ کو بجھایا اور اس میں سوار 27 مسافروں کو بحفاظت نکال لیا۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گرمیوں میں روزانہ کی بنیاد پر گاڑی کا پانی اور درجہ حرارت چیک کریں، اپنی گاڑیوں کا باقاعدگی سے فٹنس ٹیسٹ کرائیں ، ایندھن ٹینک کا ڈھکن مضبوطی سے بند کریں تاکہ پٹرول لیک نہ ہو، دوران ڈرائیونگ سگریٹ پینے سے بھی گریز کریں۔