جماعت الدعوة کا سیاست میں آنے کا اعلان ، جماعت بھی بنا ڈالی

جماعت الدعوة کا سیاست میں آنے کا اعلان ، جماعت بھی بنا ڈالی

کراچی:ایک طرف تو اقوام متحدہ، امریکہ اور انڈیا جماعت الدعوةکو دہشت گرد تنظیم قرار دے چکی ہیں تو دوسری طرف جماعت الدعوة نے ایک سیاسی جماعت بنانے کا اہم اعلان کر دیا ہے۔جبکہ تنظیم کے سربراہ حافظ سعید ان دنوں نظر بند ہیں۔
جماعت الدعوة کے ترجمان نے میڈیا ذرائع سے بات کرتے ہوئے تصدیق بھی کر دی ہے کہ انھوں نے ایک سیاسی جماعت بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اوراس حوالے سے مشاورت جاری ہیں حتمی اعلان جلد کردیا جائے گا۔ اس تنظیم میں حافظ سعید کا کیا کردار ہوگا اور ممکن طور پر کن جماعتوں سے اتحاد کیا جائے گا، یہ باتیں ابھی واضح نہیں کی گئیں۔
جماعت الدعوة کا ذکر جہاں بین الاقوامی طور پر جہادی تنظیم کے طور پر ہے وہاں اس کی مقامی شناخت فلاحی کام ہے۔ اس کا ادارہ فلاح انسانیت کراچی اور لاہور سمیت کئی شہروں میں سرگرم ہے، جہاں تعلیم اور صحت کے شعبے کے علاوہ آفات اور حادثات میں رضاکار لوگوں کی مدد کرتے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائیٹس پر جماعت الدعوة کی سیاسی جماعت کا نام ملی مسلم لیگ موجود ہے جبکہ جماعت الدعوة کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دو تین نام زیر غور ہیں حتمی نام طے نہیں کیا گیا۔