تحریک انصاف کا گورنر ا سٹیٹ بینک،سیکرٹری خزانہ کی تبدیلی پر غور

 تحریک انصاف کا گورنر ا سٹیٹ بینک،سیکرٹری خزانہ کی تبدیلی پر غور

کراچی: متوقع حکمران جماعت نے سیاسی محاذ کے ساتھ معاشی محاذ پر بھی ہنگامی تیاری شروع کر دی ہے،سیاسی معاملات کیلئے جوڑ توڑ کرنے والی سیاسی ٹیم سے معاشی ٹیم کو علیحدہ کر دیا گیاہے،متوقع وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کو صرف معاشی حکمت عملی طے کرنے کا ٹاسک دیاگیاہے،اسد عمر نے گورنر اسٹیٹ بینک ،چیئرمین ایف بی آر ،وزارت خزانہ،محکمہ خزانہ کیلئے ٹیم کی تلاش شروع کر دی ہے.

ذرائع کے مطابق اسد عمر سب سے پہلے گورنر اسٹیٹ بینک کی تبدیلی کے خواہاں ہیں تاکہ مالیاتی معاملات میں سابق حکومت کا اثر ورسوخ کم کیا جا سکے ،اسد عمر سمیت تحریک انصاف کی اعلی قیادت اس امر پر متفق ہے کہ موجودہ گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ کو سابق وزیر خزانہ کی خاص اشیر باد حاصل تھی اور وہ پاناما کیس کے معاملات میں دستاویزات کی فراہمی میں سرگرمی نہیں دکھاتے رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق نئے گورنر اسٹیٹ بینک کی تلاش کیلئے سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عشرت حسین کا مشورہ بھی لیا جا رہا ہے ، حال ہی میں نئی چیئرپر سن ایف بی آر کی تعیناتی کی گئی ہے اور ذرائع کے مطابق موجودہ چیئر پرسن ایف بی آر کی تبدیلی کا امکان کم ہے اور موجودہ خاتون چیئرپرسن ایف بی آر کو ہی کام کا موقع دیا جائے گا ۔