مولانا فضل الرحمٰن کو دل کی تکلیف، سٹی انجیو کی گئی

مولانا فضل الرحمٰن کو دل کی تکلیف، سٹی انجیو کی گئی
کیپشن: مولانا فضل الرحمٰن کو ڈاکٹروں نے تمام مصروفیات منسوخ کر کے مکمل آرام کرنے کی ہدایت کی ہے۔۔۔۔۔فائل فوٹو

راولپنڈی: جے یوآئی کے امیرمولانا فضل الرحمٰن کو دل کی تکلیف کے باعث راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں سٹی انجیو کی گئی اور ڈاکٹروں نے انھیں تمام مصروفیات منسوخ کر کے مکمل آرام کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مولانا فضل الرحمٰن کو جمعہ کے روز بعد دوپہر سینے میں شدید تکلیف کے باعث کارڈیا لوجی اسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹرز کی ٹیم نے ہنگامی طور پر ان کا علاج کیا اور ان کی مکمل سٹی انجیو کی گئی۔ دوائیں دی گئیں اور ہدایت کی گئی کہ دواؤں کے استعمال کے بعد انھیں دوبارہ آئندہ جمعہ کو اسپتال میں چیک اپ کرانا ہو گا۔

مزید پڑھیں: والدہ بتدریج بہتری کی جانب جا رہی ہیں، حسین نواز

اسپتال کے سربراہ میجر جنرل اظہر کیانی نے نجی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مولانا فضل الرحمن کو پہلے ہی دل میں اسٹنٹ ڈالا گیا ہے جو مکمل طور پر ٹھیک کام کر رہا ہے تاہم اس کے ساتھ والی شریان میں پرابلم تھا جس پر ان کی فوری سٹی انجیو کی گئی ایک ہفتے کی دوائیں دی گئی ہیں اب ان کی صحت تسلی بخش اور بہتر ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز کی ٹیم نے انھیں تمام سیاسی، سماجی مصروفیات ترک کر کے ایک ہفتہ مکمل آرام کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں