نام نہاد متحدہ اپوزیشن کی عہدوں کی بندر بانٹ دیوانے کے خوابوں کے علاوہ کچھ نہیں :عبدالعلیم خان

نام نہاد متحدہ اپوزیشن کی عہدوں کی بندر بانٹ دیوانے کے خوابوں کے علاوہ کچھ نہیں :عبدالعلیم خان

لاہور:عوام متحدہ اپوزیشن کی اصلیت جان چکے ہیں ,اکھٹے ہونے والے چالیس چور اپنے علی بابا کا خود فیصلہ کرلیں -

تفصلات کے مطابقپاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدراور نو منتخب رکن اسمبلی عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ نام نہاد متحدہ اپوزیشن درحقیقت مفاد پرستوں کا ٹولہ ہے، جن کے درمیان عہدوں کی خود ساختہ بندر بانٹ ایسے دیوانوں کے خوابوں کے علاوہ کچھ نہیں جنہیں عوام بری طرح سے مسترد کر چکے ہیں-

انہوں نے کہا کہ اپنے سیاسی مفاد کیلئے اکھٹے ہونے والے چالیس چور اب علی بابا کا فیصلہ خود ہی کر لیں یا شہباز شریف سے پوچھ لیں جو ماضی میں اسی زرداری کو یہ خطاب دیا کرتے تھے ، عوام ان کی اصلیت جان چکے ہیں اور وہ کسی طور ان کی کسی کال پر کان نہیں دھریں گے ، پی ٹی آئی کو طعنے دینے والے نواز لیگ اور پیپلز پارٹی کے قائدین آج کس منہ سے تحریک انصاف کے خلاف متحدہ اپوزیشن کا دعوی کر رہے ہیں-

انہوں نے  کہا کہ تحریک انصاف کی مقبولیت اور مضبوط حکومت سے خوفزدہ ہونے والے عناصر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اسی لیے منتخب ایوانوں میں حلف اٹھانے سے پہلے ہی انہیں گٹھ جوڑکی ضرورت پیش آ گئی ہے، عمران خان آہنی عزم اور مصمم ارادے کے مالک ہیں اور وہ انشاء اللہ تحریک انصاف کے منشور کے مطابق عوام کو زندگی کے ہر شعبے میں ریلیف مہیا کرنے کیلئے پوری تن دہی کے ساتھ کام کریں گے اور 5برسوں کے بعد دیگر جماعتوں کو رہا سہاووٹ بھی نہیں ملے گا -


عبدالعلیم خان نے مختلف اضلاع کے پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئی حکومت کے قیام سے پہلے ہی نواز لیگ کی جھوٹی ترقی کا پول کھل گیا ہے اور31جولائی تک ہونے والی ادائیگیوں کے ختم ہوتے ہی بجلی پیدا کرنے والے اداروں نے کام بند کر دیا ہے،انہوں نے کہا کہ طویل لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے بجلی اور پانی کو ترسنے والے عوام سابقہ حکمرانوں کو بد دعائیں دے رہے ہیں جنہوں نے مصنوعی ترقی کیلئے عارضی اقدامات کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کی-

انہوں نے کہا کہ ابھی تفصیلات سامنے آئیں گی کہ وفاق اور پنجاب میں نواز لیگ نے سرکاری خرچ پر پروٹوکول کے نام پر کس طرح بے دریغ پیسہ خرچ کیا ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ عمران خان کا کابینہ مختصر رکھنے ، وزیر اعظم ہاؤس میں قیام نہ کرنے اور سادگی اختیار کرنے کا اعلان خوش آئند ہے جسے غیر ملکی میڈیا کی طرف سے بھی سراہا جا رہا ہے اور اس کے ملکی سطح پر بھی دور رس اثرات سامنے آئیں گے