قوم کو فائنل میں مایوس نہیں کروں گا: ارشد ندیم

قوم کو فائنل میں مایوس نہیں کروں گا: ارشد ندیم
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ٹوکیو: ٹوکیو اولمپکس میں جیولین تھرو مقابلوں کے فائنل میں کوالیفائی کرنے والے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے کہا ہے کہ قوم دعا کرے ، فائنل میں مایوس نہیں کروں گا اور میڈل حاصل کرکے پاکستان کا پرچم سربلند کروں گا۔

ارشد ندیم نے کوالیفائنگ مقابلے کے بعد کوچ کے ہمراہ اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں، پاکستانی قوم کا بھی بہت شکر گزار ہوں جنہوں نے میرے لئے دعائیں کیں اور مجھے سپورٹ کیا، میرے کوچ نے میرے لئے دن رات بہت محنت کی ہے، ہمیں یقین ہے کہ ہم فائنل میں بھی اچھی تھرو کریں گے۔ 

ارشد ندیم کے کوچ فیاض بخاری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم نے عمدہ تھرو کی ہے جس سے ہمارے اعتماد میں بہت اضافہ ہوا ہے، ارشد ندیم کو سپورٹ کرنے پر سب کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور پرامید ہیں کہ فائنل میں بھی اچھی تھرو کریں گے اور فاتح بن کر لوٹیں گے۔ 

ارشد ندیم کو ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے صدر اکرم ساہی نے فون کیا اور انہیں مبارکباد پیش کی، اکرم ساہی نے کہا کہ کوالیفائنگ راؤنڈ میں ارشد ندیم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، امید ہے کہ وہ فائنل میں بھی اس عمدہ کارکردگی کو برقرار رکھیں گے اور تاریخ رقم کریں گے، اکرم ساہی نے ارشد ندیم کی حوصلہ افزائی بھی کی۔

یاد رہے کہ ٹوکیو اولمپکس کے جیولن تھرو مقابلوں کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں ارشد ندیم عمدہ پرفارم کرنے میں کامیاب ہو ئے اور فائنل کیلئے کوالیفائی کیا، وہ فائنل میں 7 اگست کو ایکشن میں دکھائی دیں گے۔