عمران خان نے سردار عبدالقیوم نیازی کو وزیراعظم آزاد کشمیر نامزد کر دیا

عمران خان نے سردار عبدالقیوم نیازی کو وزیراعظم آزاد کشمیر نامزد کر دیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے سردار عبدالقیوم نیازی کو وزیراعظم آزاد کشمیر کیلئے نامزد کر دیا ہے۔ 
وزیراعظم کی تقرری کیلئے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں ووٹنگ آج ہو گی جس کیلئے متحدہ اپوزیشن نے چوہدری لطیف اکبر کو نامزد کیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے وزیراعظم آزاد کشمیر کیلئے سردار عبدالقیوم نیازی کو نامزد کئے جانے کی تصدیق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے کی۔ 
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے اپنی ٹویٹ میں لکھا ’طویل مشاورت اور تجاویز کے جائزے کے بعد وزیراعظم پاکستان و چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے نو منتخب ایم ایل اے جناب عبدالقیوم نیازی کو وزیراعظم آزاد کشمیر کے عہدے کیلئے نامزد کیا ہے، وہ ایک متحرک اور حقیقی سیاسی کارکن ہیں جن کا دل کارکنوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔‘ 

d2a3470e6543797ccb5793636537ba6a


سردار عبدالقیوم نیازی مسلم کانفرنس چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہوئے تھے جنہوں نے 25 جولائی کو ہونے والے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں حلقہ ایل اے 18 پونچھ ون سے کامیابی حاصل کی تھی۔
یاد رہے کہ 53 ارکان پر مشتمل ایوان میں حکومت سازی کیلئے 27 ووٹ درکار ہیں جبکہ پی ٹی آئی تین مزید نشستوں پر کامیابی کی بعد 32 نشستوں کی واضح اکثریت حاصل کرکے حکومت سازی کرنے جارہی ہے۔
53 رکنی ایوان میں پی ٹی آئی کی 32، پیپلز پارٹی کی 12 اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی 7 نشستیں ہیں جبکہ جموں کشمیر پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس کے پاس ایک ایک نشست موجود ہے۔