رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کی ضمانت منظور

رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کی ضمانت منظور
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: سیشن عدالت نے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیدیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق سیشن عدالت میں ایڈیشنل سیشن جج راشد پھلروان نے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی جس دوران وزیراعظم پاکستان عمران خان کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر کے نمائندے نے راضی نامے کی تصدیق کر دی۔ 
نمائندہ شہزاد اکبر نے بتایا کہ عدالت میں پیش کئے گئے صلح نامہ کی تصدیق کرتے ہیں جس پر عدالت نے شہزاد اکبرکے نمائندہ کی صلح نامہ کی تصدیق کے بعد نذیر چوہان کی ضمانت منظور کر لی اور انہیں ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔
گزشتہ سماعت میں نذیر چوہان کی درخواست ضمانت پر ایڈیشنل سیشن جج نے کہا تھا کہ شہزاد اکبر خود عدالت میں پیش ہو کر ملزم کو معاف کریں تاہم شہزاد اکبر کے وکیل نے فریقین میں صلح نامہ کی تصدیق کی۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے ایم پی اے نذیر چوہان کو معاف کردیا تھا ، شہزاد اکبر نے سٹامپ پیپر پر صلح نامہ بھی تحریر کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ نذیر چوہان کی ضمانت پر کوئی اعتراض نہیں ہو گا، انہوں نے اپنی غلطی تسلیم کرلی ہے۔
شہزاد اکبر کی جانب سے بیان حلفی میں کہا گیا تھا کہ نذیر چوہان نے بے بنیاد الزامات پر معذرت بھی کر لی ،ان کی بعد از گرفتاری ضمانت پر اعتراض نہیں ، دونوں کے درمیان صلح میں فیاض چوہان نے کردار ادا کیا۔