برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے کے بعد مشکلات میں اضافہ

برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے کے بعد مشکلات میں اضافہ

لندن: برطانیہ کے بریگزٹ کے وزیر نے کہا ہے کہ برطانیہ کو یورپی یونین کی سنگل مارکیٹ میں شامل ہونے کے لیے بھاری قیمت ادا کرنی پڑے گی۔ برطانیہ کے بریگزٹ کے وزیر ڈیوڈ ڈیوس نے کہا کہ برطانیہ یورپی یونین سے مکمل طور پر نکلنے کے بعد اس کی سنگل مارکیٹ سے بھی نکل جائے گا اور اسے یورپی مارکیٹ کی مصنوعات اور سروسز تک رسائی کے لیے بھاری قیمت ادا کرنا ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ کو یورپی یونین کی سنگل مارکیٹ کے ہاتھ سے نکل جانے سے متعلق تمام نتائج کو پیش نظر رکھنا ہو گا اور اسے یورپی مصنوعات تک رسائی کے لیے ایسے قواعد و ضوابط وضع کرنا ہوں گے کہ جن سے کمترین خرچ ہو۔
ڈیوڈ ڈیوس کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب برطانیہ کے بہت سے اقتصادی حکام اور اداروں نیز بریگزیٹ کے ناقدین نے خبردار کیا ہے کہ برطانیہ کے سنگل مارکیٹ سے نکل جانے کا مطلب بہت سے بڑے بینکوں اور کمپنیوں کا برطانیہ سے نکل جانا ہو گا۔
واضح رہے کہ 23جون کو ہونے والے ریفرینڈم میں برطانیہ کے 51.9فیصد عوام نے یورپی یونین سے نکل جانے اور 48.1 فیصد عوام نے اس یونین میں باقی رہنے کے حق میں ووٹ دیا تھا